پاکستان ویمنز ٹیم نے آج کرائسٹ چرچ میں اپنے پہلے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور کل پہلا پریکٹس میچ کھیلے گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم ہفتے کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ پہنچی۔ اور آج کرائسٹ چرچ کی لنکن یونیورسٹی کے برٹ سٹکلف اوول میں اپنے پہلے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ ندا ڈار کی قیادت میں 17 رکنی سکواڈ نے کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی تین گھنٹے کا ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
پاکستان ویمنز ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں 3 سے 18 دسمبر تک تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے ساتھ ساتھ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں بھی شرکت کرے گی۔ ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کا حصہ ہیں۔ جہاں اب تک پاکستان ٹیم نے 15 میچز کھیلے ہیں اور 14 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
سیریز کے میچ ڈنیڈن، کوئنز ٹاؤن اور کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے۔ وائٹ بال سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ الیون کے خلاف دو پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ الیون کے خلاف 50 اوورز کا میچ کل برٹ سٹکلف اوول میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ اسی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ جمعرات کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔
دونوں میچز نیوزی لینڈ کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے اور دونوں میچز مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوں گے۔
17 رکنی سکواڈ میں 27 سالہ ام ہانی شامل ہیں۔ جنہوں نے نومبر 2022 میں لاہور میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اس سال جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹیم کی نمائندگی کی۔ اپنے مختصر کیریئر میں، آف سپنر نے 13 بین الاقوامی میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔ ام ہانی پہلی بار نیوزی لینڈ کا دورہ کر رہی ہیں اور ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے تاب ہیں۔
ٹریننگ سیشن کے بعد ام ہانی نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پہلا سیشن اچھا تھا اور کھلاڑی خود کو موسمی حالات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کر رہے ہیں جو پاکستان کی کنڈیشنز سے مختلف ہیں۔
سیریز سے قبل ہونے والے پریکٹس میچز ہمارے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ ان سے ہمیں یہاں کے حالات سے بہتر انداز میں ڈھالنے میں مدد ملے گی اور ہم بہتر تیاری کے ساتھ سیریز کھیل سکیں گے۔
ام ہانی کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ایک آل راؤنڈ کرکٹر کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے کوچز کے ساتھ سخت محنت کی ہے۔ میں ٹیم میں مطلوبہ کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گی اور خود کو میچ کی صورتحال کے مطابق ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کروں گی۔
پاکستان سکواڈ:
پاکستان کا 17 رکنی سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، منیبہ علی ( وکٹ کیپر )، نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر )، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، ام ہانی، وحیدہ اختر۔
پلیئر سپورٹ سٹاف:
ناہیدہ خان ( منیجر )، محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ )، سلیم جعفر ( بولنگ کوچ )، توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ )، محمد اسفندیار( سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ )، سید نذیر احمد ( میڈیا منیجر )، رفعت اصغر گل ( فزیو تھراپسٹ )، زبیر احمد (اینالسٹ ) ۔
دورے کا شیڈول اس طرح ہے۔
28 نومبر۔50 اوورز کا وارم اپ میچ ۔ برٹ سٹکلف اوول لنکن یونیورسٹی ۔(11 بجے صبح مقامی وقت )
30 نومبر۔ ٹی ٹوئنٹی وارم اپ میچ ۔ برٹ سٹکلف اوول لنکن یونیورسٹی ( 11 بجے صبح مقامی وقت)
3 دسمبر۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ ڈنیڈن ۔ ( دوپہر 1 بجے مقامی وقت ) ۔
5 دسمبر ۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ڈنیڈن۔ ( دوپہر 1 بجے مقامی وقت )
9 دسمبر ۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ کوئنز ٹاؤن۔( دوپہر 1 بجے مقامی وقت )
12 دسمبر ۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ کوئنز ٹاؤن۔ ( 11 بجے صبح مقامی وقت )
15 دسمبر۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ کرائسٹ چرچ۔( دوپہر 2 بجے مقامی وقت )
18 دسمبر ۔ تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ کرائسٹ چرچ۔( دوپہر 2 بجے مقامی وقت )
ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔