ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان ویمنز نے پہلی بار کیوی ویمنز سے سیریز جیت لی

پاکستانی ویمینز نے تاریخ میں پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کو سیریز میں شکست دی ہے۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے 10 میچز میں سے 09 میچز نیوزی لینڈ ویمنزنے جیت رکھے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان ویمنز نے پہلی بار کیوی ویمنز سے سیریز جیت لی

پاکستان ویمنز نے نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف پہلی مرتبہ جیت لی۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے دوسرے ٹی20 میں نیوزی لینڈ ویمنز کو شکست دے کر فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے ڈونیڈن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں بھی میزبان نیوزی لینڈ کو رنز10سے ہرایا جس کے بعد پاکستانی ویمینز نے تاریخ میں پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کو سیریز میں شکست دی ہے۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے 10 میچز میں سے 09 میچز نیوزی لینڈ ویمنزنے جیت رکھے تھے۔

عالیہ ریاض کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور فاطمہ ثنا کی ایک مرتبہ پھر شاندار بولنگ نے پاکستان ویمنز کو نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف ایک اور یادگار کامیابی سے ہمکنار کردیا۔

عالیہ ریاض کے  32 رنز ناٹ آؤٹ اور فاطمہ ثنا کی 22 رنز کے عوض 3 وکٹوں نے  پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نہ صرف10  رنز سے کامیابی دلادی بلکہ اس نے پہلی بار نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز بھی جیت لی۔

عالیہ ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ  پاکستان ویمنز نے فاطمہ ثنا کی شاندار  بولنگ کے نتیجے میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سات وکٹوں سے جیتا تھا جو اس کی نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی تھی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر137  رنز سکور کیے جو نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ویمنز کا سب سے بڑا سکور بھی ہے۔

نیوزی لینڈ ویمنز جواب میں 7 وکٹوں پر127  رنز بنانے میں کامیاب ہو پائی۔

پاکستان ویمنز کی اننگز میں منیبہ علی نے 28 گیندوں پر35  رنز سکور کیے جس میں چھ چوکے شامل تھے۔

ایک موقع پر اس کی چار وکٹیں 86 رنز پر گرچکی تھیں۔ پہلے میچ کی ٹاپ سکورر شوال ذوالفقار 7 ۔ بسمہ معروف 21 اور کپتان ندا ڈار14 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

عالیہ ریاض نے 22گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے32 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلی جس کی وجہ سے مہمان ٹیم 137 کے سکور تک پہنچ پائی۔

نیوزی لینڈ ویمنز کی طرف سے مولی پینفولڈ نے 17 اور فران جونز نے21  رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ 

سعدیہ اقبال اور پہلے میچ کی پلیئر آف دی میچ فاطمہ ثنا کی عمدہ بولنگ نے میزبان ٹیم کی چار وکٹیں صرف 29 رنز پر حاصل کرلیں ۔سعدیہ اقبال نے برنیڈائن اورایمیلیا کر کو آؤٹ کیا جبکہ سوزی بیٹس اور کپتان سوفی ڈیوائن کی وکٹیں فاطمہ ثنا نے حاصل کیں ۔ 

میڈی گرین اور جارجیا پلیمر کے درمیان 33  رنز کی شراکت کا خاتمہ ندا ڈار نے میڈی گرین کو 18 رنز پر آؤٹ کرکے کیا۔پلیمر کے 28  رنز پر رن آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان ویمنز کی جیت کے امکانات بڑھ گئے تھے۔

نیوزی لینڈ ویمنز کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے33 رنز جبکہ آخری اوور میں18  رنز درکار تھے۔فاطمہ ثنا نے اس اوور میں 33 رنز بنانے والی ہانا روو کو بولڈ کردیا۔ان  کے اس آخری اوور میں میزبان ٹیم صرف 7 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

فاطمہ ثنا نے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال نے 29  رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈنیڈن میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی یونیورسٹی آف اوٹاگو اوول میں کھیلا گیا لیکن نیوزی لینڈ کی سابق کپتان سوزی بیٹس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل  کے لیے اس گراؤنڈ کا نام سوزی بیٹس اوول رکھا گیا ۔ سوزی بیٹس کا تعلق اوٹاگو سے ہے جو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 305 انٹرنیشنل میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 9 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔