T20 سیریز :سیریز کی فاتح پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو تیسرے میچ میں  نیوزی لینڈ سے شکست

کپتان ندا ڈار کا یہ 141 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا اس طرح وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی کھلاڑی بن گئیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بسمہ معروف کا تھا جو 140ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں۔ 

T20 سیریز :سیریز کی فاتح پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو تیسرے میچ میں  نیوزی لینڈ سے شکست

نیوزی لینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز  کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 6 رنز سے شکست دیدی۔ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ہوا۔

پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے5  وکٹوں پر 137 رنز بنائے ۔   نیوزی لینڈ ویمنز نے 15 اوورز میں 2 وکٹوں پر101 رنز بنائے تھے کہ  بارش کی وجہ سے کھیل روک دینا پڑا۔

اس طرح تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی یہ سیریز پاکستان ویمنز نے دو ایک سے اپنے نام کی ہے۔

اس نے پہلا میچ 7  وکٹوں سے اور دوسرا میچ 10  رنز سے جیت کر نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کیا تھا۔ 

ہفتے کے روز جان ڈیوس اوول میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی ۔ پاکستان ویمنز چار تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ۔شوال ذوالفقار، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ اور نجیہہ علوی کی جگہ سدرہ امین،  صدف شمس  وحیدہ اختر اور نتالیہ پرویز کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

کپتان ندا ڈار کا یہ 141 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا اس طرح وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی کھلاڑی بن گئیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بسمہ معروف کا تھا جو 140ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں۔ 

پاکستان ویمنز کی اننگز میں منیبہ علی اور سدرہ امین نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 64 رنزکا اضافہ کیا۔سدرہ امین نے چار چوکوں کی مدد سے 43  رنز بنائے۔منیبہ علی نے دو چوکوں کی مدد سے 27 رنز سکور کیے۔تاہم ان دونوں کے بعد دیگر بیٹرز سکور میں 73 رنز کا اضافہ کرپائیں۔ندا ڈار نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز سکور کیے۔فاطمہ ثنا نے دو چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی طرف سے کپتان ایمیلیا کر نے 11 رنز دے کر3  وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈن کارسن نے 20 رنز دے کر2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ ویمنز کی اننگز کی خاص بات سوزی بیٹس کی نصف سنچری تھی۔انہوں نے5  چوکوں کی مدد سے 51 رنز سکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔ انہوں نے کپتان ایمیلیا کر، کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا۔ ایمیلیا کر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سوزی بیٹس پلیئر آف دی میچ قرار پائیں جبکہ فاطمہ ثنا نے پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا۔

پاکستان ویمنز اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ 12 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن  میں کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ دو میچز 15 اور 18 دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں ہوں گے۔