لاہور کے علاقے باٹا پور کے رہائشی استاد عبدالوحید نے 60 سال کی عمر میں مسٹر پاکستان کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان سے کچھ دن قبل کراچی میں میں آل پاکستان باڈی بلڈنگ کے مقابلہ جات ہوئے جس میں مسٹر پاکستان کو منتخب کیا جانا تھا۔ حیران کن طور پر 60 سالہ استاد عبدالوحید نے اپنے سے کم عمر نوجوانوں کو پچھاڑتے ہوئے مسٹر پاکستان کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس سے قبل وہ مسٹر پنجاب اور مسڑ لاہور بھی رہ چکے ہیں جبکہ باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں انہوں نے بے شمار گولڈ اور سلور میڈلز اپنے نام کئے ہیں۔ اب ان کی نظریں مسٹر ایشیاء پر ہیں اور وہ پر عزم ہیں کہ وہ یہ اعزاز بھی اپنے نام کریں گے۔
استاد عبدالوحید نے ڈان کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ 16 سال کی عمر سے باڈی بلڈنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے باڈی بلڈنگ شروع کی تو اسکا مقصد جسم کو تندرست اور توانا بنانا تھا، ان کا باڈی بلڈنگ کے مقابلہ جات میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن 20 سال قبل میرے سٹوڈنٹس نے ہی مجھے مقابلوں میں جانے کا کہا اور جب سے میں مقابلوں میں جارہا ہوں جیت رہا ہوں۔
انہوں نے اپنی زندگی میں مختلف جم سنٹرز میں کوچنگ کے فرائض سر انجام دئیے لیکن انہوں نے اپنے ایک دوست کے ساتھ مل کر اپنا جم سنٹر کھولا ہے جس کا نام ’نیو باڈی گریس جم‘ ہے۔
عبدالوحید نے بتایا کہ باڈی بلڈنگ کے مقابلہ جات میں مختلف قسم کی کیٹیگریز ہوتی ہیں میں عموماً 50 سال سے زائد کی کیٹیگری کے مقابلے میں حصہ لیتا ہوں تاہم مسٹر پاکستان کا جو ٹائٹل میں نے حاصل کیا ہے وہاں عمر کی کوئی کیٹیگری نہیں تھی بلکہ وہ تمام عمر کے لوگوں کا مقابلہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مقابلہ رمضان سے قبل کراچی میں منعقد کیا گیا تھا جسے جیتنے کے بعد ان کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں۔
استاد عبدالوحید نے بتایا کہ ان کی نظریں اب مسٹر ایشیاء کے ٹائٹل کی طرف ہیں جسکا مقابلہ شاید بھارت کے شہر بنگلور میں ہوتا ہے۔ میں یہ اعزاز حاصل کر کے اپنے ملک کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔