فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سمیت پانچ افراد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے خصوصی سینٹرل جج کی عدالت میں یہ درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز شریف نے گذشتہ سماعت پر دانستہ پینتالیس منٹوں کی بے مقصد تقریر کی جس میں انہوں نے بے بنیاد اور غیر متعلقہ حقائق پیش کئے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ لیگی صدر شہباز شریف کے علم میں یہ بات تھی کہ اس سماعت کے دوران ان پر فرد جرم عائد ہونا ہے، اسی لئے انہوں نے ناصرف بے مقصد تقریر کی بلکہ بے بنیاد درخواستیں دائر کیں۔ ملزموں کے ان حربوں کا مقصد عدالتی کارروائی کو متاثر کرنا تھا۔
ایف آئی اے نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ شہباز شریف کا یہ عمل توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، لہذا عدالت ان سمیت دیگر ملزموں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
قبل ازیں ایف آئی اے نے شہباز شریف کے خلاف کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر کرنے کیلئے ایک درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں، ضمنی چالان جمع کروانے کے باوجود تاحال فرد جرم عائد نہیں ہوسکی ہے۔
تاہم عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہونے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتوں میں 10 مارچ تک کی توسیع کرتے سماعت ملتوی کردی ہے۔