Get Alerts

علی نواز اعوان کا عاصمہ شیرازی پر الزام، عاصمہ کا عدالت لے جانے کا عندیہ

علی نواز اعوان کا عاصمہ شیرازی پر الزام، عاصمہ کا عدالت لے جانے کا عندیہ
پاکستان تحریکِ انصاف کے اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے سینیئر صحافی عاصمہ شیرازی پر پیسے لے کر حکومت کے خلاف کالم لکھنے کا الزام لگایا لیکن پھر چند ہی منٹ بعد اس الزام سے واضح مکر گئے۔

وزیر اعظم عمران خان کے پیر کو قوم سے خطاب پر بات کرتے ہوئے جب کامران شاہد کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صحافی ارشاد بھٹی نے کہا کہ اپنی تقریر میں عمران خان نے کہا کہ صحافی پیسے لے کر گند چھاپتے ہیں تو اگر میں ایف آئی اے میں یہ الزام لے کر چلا جاؤں تو کیا وزیر اعظم یہ الزام ثابت کر سکیں گے؟

علی نواز اعوان نے کہا کہ بالکل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی کر دیتا ہوں۔ عاصمہ شیرازی کا کالم اٹھا کر دیکھ لیں۔

کامران شاہد نے کہا کہ اب آپ نے براہ راست الزام لگا دیا ہے۔ آپ کے نزدیک عاصمہ شیرازی کے خیالات جتنے بھی قابلِ مذمت تھے، آپ یہ الزام نہیں لگا سکتے کہ وہ کالم پیسے لے کر لکھا گیا ہے۔ اس کے لئے آپ کو ثبوت دکھانے پڑیں گے کہ ان کے اکاؤنٹ میں کوئی پیسے کسی جماعت نے جمع کروائے ہوں۔ آپ تو وزیر ہیں، آپ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ آپ کی درخواست اٹھائی جائے گی مراد سعید کی طرح لیکن عام آدمی کی نہیں جن کے 90 ہزار سے زائد کیسز زیرِ التوا ہیں۔

ن لیگی رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ صحافیوں کو گندا کر کے کھیل نہیں ختم ہوگا تو علی نواز اعوان نے لفظ صحافی پر زور دے کر کہا کہ جی 'صحافی' پر الزام لگانے سے کھیل نہیں ختم ہوگا۔ وہ غالباً پی ٹی آئی کے دیگر ٹرولز کی طرح یہ تاثر دینا چاہ رہے تھے کہ وہ عاصمہ شیرازی کو صحافی مانتے ہی نہیں۔ تاہم، جب مصدق ملک نے کہا کہ آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ انہوں نے پیسے لے کر کالم لکھا۔ اس موقع پر لیکن علی نواز اعوان مکر گئے اور فرمایا کہ میں نے یہ نہیں کہا، میں نے بس یہ کہا ہے کہ عاصمہ شیرازی کا کالم پڑھ لیں۔

جب کامران شاہد نے کہا کہ 'کالم پڑھ لیں' آپ نے کہا لیکن یہ کہیں ثابت نہیں ہو رہا کہ انہوں نے پیسے لے کر لکھا اور یہ کالم بی بی سی پر لکھا گیا تھا جو کہ ایک بہترین ساکھ کا حامل ادارہ ہے، آپ ان پر مقدمہ دائر کریں۔

https://twitter.com/hansbadvi/status/1498365492322439169

اب وہ مکر تو گئے اور پروگرام میں بیٹھے دیگر تین افراد نے از خود ہی ان کا مکرنا صفائی کی مد میں قبول بھی کر لیا۔ تاہم، عاصمہ شیرازی نے ٹوئٹر پر واضح الفاظ میں کہا ہے کہ یا تو الزام ثابت کریں یا معافی مانگیں۔

انہوں نے لکھا کہ جناب علی نواز اعوان صاحب۔ آپ نے کامران شاہد کے پروگرام میں مجھ پر پیسے لے کر کالم لکھنے کا الزام لگایا۔ اب آپ اپنا الزام ثابت کریں یا معافی مانگیں۔ میں آپ کو اپنی کردار کشی اور جھوٹا الزام لگانے پر عدالت لے جانے کا حق رکھتی ہوں۔

https://twitter.com/asmashirazi/status/1498354256646000640