Get Alerts

وزارت مذہبی امور کا کرتار پور راہداری کی تعمیرات کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ

وزارت مذہبی امور کا کرتار پور راہداری کی تعمیرات کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ
وزارت مذہبی امور نے کرتار پور راہداری کی تعمیرات کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کو وفاقی سیکریٹری نے بتایا کہ کرتار پور میں تمام تعمیرات پاک فوج کے ذیلی ادارے ایف ڈبلیو او نے کی ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور میں کھیل داس کوہستانی نے کرتار پور راہداری سے متعلق سوال اٹھایا تھا۔ کرتار پور راہداری کو پچھلے برس نومبر میں سکھ یاتریوں کو لیے کھولا گیا تھا۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چاند کی شہادت کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

شگفتہ جمانی نے چاند کی رویت کے معاملے پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کردار پر سوال اٹھا دیا۔ انھوں نے کہا کہ چاند کی رویت کا تعلق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے کب سے ہو گیا، مان لیں کہ اس بار ایک روزہ ضائع ہو گیا ہے۔

کمیٹی چئیرمین مولانا اسد محمود نے کہا کہ شرعی طور پر چاند کی رویت ضروری ہے، رویت ہلال کمیٹی کا جو کام ہے اسے کرنے دیا جائے۔