Get Alerts

پاکستان کا کرونا وائرس کے باعث بند کرتار پور راہداری 29 جون سے دوبارہ کھولنے کا اعلان

پاکستان کا کرونا وائرس کے باعث بند کرتار پور راہداری 29 جون سے دوبارہ کھولنے کا اعلان
پاکستان نے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر کرونا وائرس کی وجہ سے بند کرتارپور راہداری 29 جون سے دوبارہ کھولنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی روابط کی ویب سایٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں جیسےعبادت گاہیں کھل رہی ہیں، پاکستان کرتارپور راہدری کھولنے کی تیاری کر رہا ہے، ہم بھارت کو 29 جون کو کرتار پور راہداری کھولنے سےمتعلق اپنی آمادگی سے آگاہ کر رہے ہیں، مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی پر راہداری کھولنے کو تیار ہیں۔

اس سے پہلے یہ کوریڈور 16 مارچ کو کووڈ 19 واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، پاکستان نے ہندوستان کو راہداری دوبارہ کھولنے کے لئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرنے کی دعوت دی ہے۔

کرتار پور راہداری کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان نے 9 نومبر 2019 کو کیا تھا۔ بابا گورو نانک کی 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر راہداری کا افتتاح دنیا بھر میں بسنے والے سکھوں کے طویل انتظارکی خواہش پر کیا گیا تھا، کرتار پور راہداری امن اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے۔

حکومت کے اس اقدام کو پوری دنیا میں سراہا گیا تھا، سکھ مذہب کے پہلے گورو بابا گورو نانک نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال کرتار پور میں گزارے تھے۔