رنبیر کپور نے 4 سال بعد بولی وڈ کو کوئی نئی فلم دی ہے۔ نام ہے اس کا شمشیرا، مگر یہ فلم بری طرح فلاپ ہو گئی۔ حد یہ ہے کہ رنبیر کپور کی فلاپ فلموں کی وجہ سے پروڈیوسرز کو تھوڑا بہت نہیں بلکہ مجموعی طور پر ایک ہزار کروڑ انڈین روپے کا نقصان ہوا ہے۔
پاکستانی روپوں میں یہ نقصان تقریباً 3 ہزار کروڑ کا بنتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ رنبیر کی آخری 8 فلموں میں سے 6 فلمیں مکمل طور پر پِٹ گئی ہیں۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ رنبیر کپور اب بولی وڈ کے وہ ایکٹر بن چکے ہیں کہ جن کی 3 فلموں نے 50 کروڑ بھارتی روپوں سے زیادہ کا نقصان کیا ہے۔
آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ رنبیر کپور کی کون کون سی فلمیں ناکام ہوئی ہیں؟ ان فلموں نے کتنی کمائی کی اور کتنا نقصان اٹھانا پڑا؟ ان کی کون سی 2 فلمیں ہی کامیاب ہو سکیں اور انہوں نے باکس آفس پر کتنا مال بنایا؟
شمشیرا
رنبیر کپور کی تازہ ترین فلاپ فلم ہے شمشیرا۔ اس لئے اسی سے بات کی شروعات کرتے ہیں۔ شمشیرا کی بہترین پروموشن کی گئی۔ رنبیر کپور نے اس کو پروموٹ کرنے میں دن رات ایک کر دیے۔ اس فلم پر خرچہ بھی بہت آیا تھا۔ یعنی 150 کروڑ انڈین یا پھر 443 کروڑ پاکستانی روپے۔ مگر حال یہ ہے کہ شمشیرا 40 کروڑ انڈین یا پھر ایک ارب 81 کروڑ پاکستانی روپے کی کمائی تک بھی نہیں پہنچ پا رہی۔ یعنی سیدھا سیدھا 110 کروڑ بھارتی روپوں کا گھاٹا۔ ظاہر ہے یہ ناصرف رنبیر کپور اور ان کے فینز بلکہ بالی وڈ کے لئے بھی انتہائی بری خبر ہے۔
بومبے ویلوٹ
اگر بالی وڈ کی حالیہ تاریخ کی ناکام ترین فلموں کی بات کی جائے توبومبے ویلوٹ ان میں سے ایک ہے۔ یہ فلم 2015 میں ریلیز کی گئی تھی۔ اس فلم کو باکس آفس پر 80 کروڑ انڈین روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آج کل کے حساب سے پاکستانی روپوں میں یہ رقم تقریباً 23 ارب 63 کروڑ بنتی ہے۔ رنبیر کپور نے اس فلم میں بلراج کا کریکٹر بہت ہی شاندار طریقے سے نبھایا تھا مگر اس کے باوجود اسے ناکام ہونے سے نہیں بچا سکے تھے۔
جگا جاسوس
رنبیر کی 2017 کی فلم جگا جاسوس نے بھی ناکامی کا منہ دیکھا تھا۔ اس فلم کی ناکامی نے رنبیر کپور کو معاشی اور ذہنی، دونوں طرح سے نقصان پہنچایا تھا۔ یہ فلم 130 کروڑ انڈین روپوں سے زیادہ میں بنائی گئی تھی جبکہ یہ باکس آفس پر مشکل سے 55 کروڑ روپے ہی کما پائی تھی۔ اس کا مطلب ہوا پورے 75 کروڑ بھارتی روپوں کا نقصان ہوا تھا۔ لیکن یہ بات بھی سچ ہے کہ رنبیر کپور نے اس فلم میں اپنے رول پر خوب محنت کی تھی۔ اسی لئے جگا جاسوس فلاپ ہونے کے باوجود آج بھی اچھی فلموں میں سے ایک ہے۔
روئے (Roy)
2015 میں رنبیر کپور کی جو دوسری فلم فلاپ ہوئی تھی وہ تھی روئے۔ یہ فلم 50 کروڑ انڈین روپوں سے بنائی گئی تھی اور صرف 44 کروڑ بھارتی روپے ہی کما پائی تھی۔ اس فلم میں رنبیر کی ہیروئن تھیں جیکولین فرنینڈز۔
ساوریا
سنجے لِیلا بھنسالی کی مووی ساوریا کم بجٹ کی فلم تھی اور صرف 40 کروڑ میں بنا لی گئی تھی۔ مگر رنبیر کی قسمت کی خرابی تو دیکھیں ذرا کہ ساوریا 40 کروڑ بھی نہ کما سکی بلکہ صرف 20 کروڑ کما کر ہی ٹُھس ہو گئی تھی۔ اصل میں اس کا اوم شانتی اوم کے ساتھ کلیش ہو گیا تھا۔
تماشا
2015 تو واقعی رنبیر کپور کے لئے بہت برا سال تھا۔ اس سال ان کی 3 فلمیں باکس آفس پر فیل ہوئی تھیں اور تیسری فلم تھی تماشا۔ تماشا 87 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی تھی جو 70 کروڑ کی کمائی کے بعد تماشا بن کے رہ گئی تھی۔ یوں رنبیر کی آخری 8 موویز میں سے صرف سنجو اور اے دل ہے مشکل ہی ہٹ ثابت ہوئی تھیں۔ سنجو نے باکس آفس پر کمائے تھے 342 کروڑ 53 لاکھ اور اے دل ہے مشکل نے 54 کروڑ 16 لاکھ بھارتی روپے۔