پاکستانی قوم آج 28 مئی کو ملک بھر میں یوم تکبیر منا رہی ہے۔ 21 برس قبل آج کے روز پاکستان نے بھارتی جوہری دھماکوں کے جواب میں بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایٹمی تجربات کر کے خود کو جوہری صلاحیت کی حامل طاقت ثابت کیا تھا اور اس دن کی یاد میں ہی ہر برس یوم تکبیر منایا جاتا ہے۔
دھماکوں کے کچھ عرصہ بعد ہی 1999 میں بھارت کے ساتھ کارگل جنگ شروع ہو گئی جس کی وجہ سے پہلا یوم تکبیر نہایت جوش و خروش سے منایا گیا مگر اسی برس نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ ہوا اور جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت اقتدار میں آ گئی جس کے بعد یوم تکبیر اس جوش و خروش سے کبھی نہیں منایا گیا۔
بولٹن آف دی اٹامک سائنٹسٹس نامی ادارے نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس جوہری ہتھیاروں کی تعداد ہندوستان سے کہیں زیادہ ہے۔
پاکستان کے جوہری پروگرام کے خالق، اگرچہ یہ ایک متنازعہ معاملہ ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مطابق، پاکستان کا جوہری پروگرام امریکہ اور برطانیہ سے زیادہ محفوظ ہے۔
حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کے لیے یوم تشکر ہے۔
انہوں نے یہ اعتراف کیا کہ ملک میں جوہری پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو تھے اور دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کے کردار کی قوم معترف تھی اور رہے گی۔
شہباز شریف نے کہا، آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی عزت و وقار، دفاع و سلامتی اور قومی مفاد کے لیے ہم سب متحد ہیں۔