اسٹیل ملز ملازمین کی جبری بر طرفیوں پر بلاول بھٹو عمران خان پر برس پڑے

اسٹیل ملز ملازمین کی جبری بر طرفیوں پر بلاول بھٹو عمران خان پر برس پڑے

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسٹیل ملز ملازمین کی برطرفی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔


  بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئیٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بے رحم حکومت نے پاکستان اسٹیل کے 4500 ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا لیکن پیپلز پارٹی پاکستان اسٹیل کے تمام ملازمین کو نوکریوں پر بحال کرائے گی۔


بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اس تاریخی صنعتی اثاثے کی اراضی کے مالک اہلیان سندھ ہیں، ہم پی ٹی آئی کو اس معاشی قتل سے جان چھڑانے نہیں دیں گے، اسٹیل ملز ملازمین کے بجائے اب عمران خان کو برطرف ہونا چاہیے۔


https://twitter.com/BBhuttoZardari/status/1332599664915468288

خیال رہے کہ پاکستان اسٹیل انتظامیہ نے 4544 ملازمین کو فارغ کردیا ہے اور ان تمام ملازمین کے لیٹرز ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی جبری برطرفی کی خبر سن کر ایک ملازم دل کا دورہ پڑنے کے سبب فوت بھی ہوگیا تھا۔

ترجمان پاکستان اسٹیل کا کہنا تھا گروپ دو تا چار،جونیئر افسران، اسسٹنٹ منیجرز، ڈپٹی منیجرز، منیجرز، ایس ای ڈی جی ایم اور ڈی سی او ملازمین کو فارغ کردیا گیا ہے جن کی تعداد 4544 ہے۔ جب کہ اسٹیل مل کے اسکول و کالجز کے اساتذہ و غیر تدریسی عملے، ڈرائیورز، فائر مین، فائر ٹینڈرز آپریٹرز، صحت عامہ کے اسٹاف، سیکورٹی گارڈز و چوکیدار، مالی، پیرا میڈیکل اسٹاف، کچن اسٹاف، آفس اسٹاف، فنانس ڈائریکٹوریٹ کے تمام محکموں کے کارکنان، اے اینڈ پی ڈائریکٹوریٹ اور اے اینڈ پی ڈپارٹمنٹ، فنانس ڈائریکٹوریٹ کے جونیئر افسران،(تمام محکموں) کارپوریٹ سیکریٹریٹ، سی پی اینڈ آئی، آئی ایس ایم ڈی، لا ڈپارٹمنٹ، سیکیورٹی اور اے اینڈ پی ڈپارٹمنٹ کو ضرورت کے تحت ملازمتوں پر برقرار رکھا گیا ہے۔