Get Alerts

مسجد نبویﷺ واقعے کے بعد عمران خان کا پہلا ٹوئٹ، تاحال واقعے کی مذمت نہ کی

مسجد نبویﷺ واقعے کے بعد عمران خان کا پہلا ٹوئٹ، تاحال واقعے کی مذمت نہ کی
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا گزشتہ روز مسجد نبویﷺ میں پاکستان کے حکومتی وفد کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد پہلا ٹوئٹ سامنے آیا ہے تاہم یہ ٹوئٹ اس افسوسناک واقعے پر ردّ عمل دینے سے متعلق نہیں ہے۔ اس واقعے کو کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود انہوں نے اس کی مذمت نہیں کی۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں آج یوم القدس کے موقع پر ہم قابض اسرائیلی افواج کے تشدد اور ظلم کے خلاف فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1519943545435480065

عمران خان نے کہا کہ ہر رمضان میں ہم مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے خلاف اسرائیلی فورسز کے قابل مذمت حملوں کا مشاہدہ کرتے ہیں، جو مسلمانوں کے لیے تیسرے مقدس ترین مقام ہے۔

واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیرِ اہتمام عالمی یوم القدس آج منایا جارہا ہے، ملک کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اس حوالے سے ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ القدس ریلیوں کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی و صوبائی رہنما کریں گے، فلسطین، کشمیر اور یمن کے مظلومین کی حمایت کے لیے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے پہنچا تو وہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے اُن کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔

اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جن میں کچھ افراد کو چور چور کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک ویڈیو میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کو گالی دی گئی جبکہ ایک پی ٹی آئی سپورٹر نے شاہ زین بگٹی کو بالوں سے پکڑنے کی کوشش بھی کی۔

اس واقعے کا سعودی حکام نے نوٹس لے لیا اور ذرائع کے مطابق 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔