Get Alerts

بریانی اور پلاؤ کی بحث دراصل امت مسلمہ کے خلاف سازش ہے

بریانی اور پلاؤ کی بحث دراصل امت مسلمہ کے خلاف سازش ہے
ہماری عادت ہے کہ ہم بہت جلد کسی فیصلے پہ پہنچ نہیں پاتے۔ مثال لے لیجیے کہ جب ہماری پہلی محبت نے ہمیں بتایا کہ اس کی شادی ہو رہی ہے وڈی پھپھو کے چھوٹے بیٹے سے، تو ہم جہاں بیٹھے تھے، بیٹھ رہے۔ ہم جانتے تھے کہ شادی تو اس نازک حسینہ کی ہم جیسے کالے کوے سے ممکن ہی نہیں تھی تو ہمارے لئے فیصلہ کرنا مشکل ہو رہا تھا کہ جا کے کرسیاں لگائی جائیں یا مہمانوں کو کھانا سرو کیا جائے۔

تو پچھلے کچھ دنوں سے مسلم امہ کے ٹائیگر اور مبینہ نشاۃ ثانیہ کے مجاہد اعظم پاکستان میں ایک خانہ جنگی کا سماں ہے۔ فرقوں میں بٹی مسلم امہ کو کفار کی ایک سازش "ٹویٹر" کے ذریعے اور تقسیم کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہماری اقدار پہ حملے ہو رہے ہیں

اور اس بار بیرونی سازش گروں نے " بریانی اور پلاؤ" کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے اندازہ لگ جاتا ہے کہ ہمارے کھانے بھی دشمنوں کو دہشت گرد لگتے ہیں۔

حالانکہ ہم پر امن کھانوں والی قوم ہیں۔ کبھی ہمارے نان پھٹتے دیکھے؟

تو ساتھیو مجاہدو، بریانی کے عشاق اس کے رنگ و نسل  اور مصالحوں کی مہک بارے زمین آسمان کے قلابے ملا رہے ہیں اور پلاؤ کو محبوب بنائے ہوئے لوگ اس کی سادگی، ڈاؤن ٹو ارتھ پنے اور ذائقے بارے مشاعرے کر رہے ہیں۔

رہتے ہیں ہم کھوئے کھوئے گم سم، کیونکہ آنکھوں میں تم ہو آنکھوں میں تم
سینے میں دل، دَھک دَھک دُھم دُھم، کیونکہ آنکھوں میں تم ہو آنکھوں میں تم

سو ہماری عادت کے عین مطابق ہمارے لئے فیصلہ کرنا مشکل ہو رہا ہے کہ بریانی پلاؤ سے بہتر ہے کہ پلاؤ کو بریانی پہ فضیلت حاصل ہے۔ قوم و ملت کی اس پریشانی میں پچھلی تین راتیں مسلسل جاگ کے نیٹ فلکس پہ کفار کی فلمیں دیکھ دیکھ کے ان کی چالوں کو سمجھنے کی کوشش کرتے کاٹی ہیں۔ دن بھر ان چالوں سے امت مسلمہ کو بچانے کے خواب دیکھنے کے لئے سونا پڑتا رہا۔

کوئی فیصلہ کرنا مشکل سے ناممکن ہوتا جا رہا تھا کہ اچانک کچن میں برتن دھوتے ہوئے لذیذہ کے مصالحوں پہ نظر پڑی اور ہماری ساری پریشانی اڑن چھو ہو گئی۔ امت مسلمہ باہم بغل گیر دکھائی دینے لگی۔

اور فیصلہ ہو گیا۔۔۔ فیصلہ تصویر کی شکل میں ثبوت کے طور پہ خود دیکھ لیجیے، اور مجھے برتن دھونے دیجئے۔

مصنف ناروے میں مقیم ہیں۔