بریانی اور پلاؤ کی خونیں جنگ

بریانی اور پلاؤ کی خونیں جنگ
امی جان بتاتی ہیں کہ ہم بچپن سے ہی صرف باتیں بنانے کے شوقین تھے۔ جہاں دوسرے بچے کھیلتے کودتے، گھٹنے چھلواتے، ناک پھوڑواتے، سر پھٹواتے، وہیں ہم صرف باتوں کے کرتب دکھاتے۔ بڑوں کی صحبت میں خوش رہتے۔ بھلے امی کتنی ہی کوشش کرتیں کہ ہم کسی بہانے باہر نکل جائیں تاکہ وہ اپنی سہیلیوں میں بیٹھ کر اپنی سسرال کے خلاف ہلکی پھلکی آواز بلند کر سکیں۔ ہم جیسے بچے کے سامنے کوئی بھی بات کرنا سپین کے بیل کے سامنے لال جھنڈا لہرانے کے مترادف تھا۔ جو بچے صرف باتیں بگھارتے ہوں وہ ادھر کی بات ادھر کرنے میں تو مشاق ہوتے ہیں۔ لیکن وہ ہم ہی کیا جو امی کی گھوریوں سے نظریں ملا جاتے۔ فرفر مختلف مشہور شخصیات کی نقلیں اتار کر سب کو دکھاتے اور داد بٹورتے۔ امی بس دانت پیستی رہ جاتیں۔

یہی وجہ تھی کہ ہمیں دوسرے بچوں کی طرح لڑنے بھڑنے میں چنداں دلچسپی نہیں تھی۔ جہاں باقی بچے ایک دوسرے کے گریبان ناچنے کے بعد اونچا اونچا چلاتے ہوئے اپنی امیوں کو شکایت کرنے کے لئے لپکتے وہیں ہم جیسے گفتار کے غازی یہی معاملات بات چیت سے حل کر لیتے۔ ہمارا بس چلتا تو پارک میں ہی اپنی ننھی سی عدالت قائم کر لیتے۔ چھوٹے سے چیف جسٹس نہ ہوں تو۔ کر چکتے تو اب تک لندن میں آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہوتے۔ اٹس اوکے۔ اللہ کی مرضی۔ پکچر اور زندگی ابھی باقی ہیں۔



وقت کو بھی گزرنا تھا اور ہمیں بھی بزرگی کے مزید درجات طے کرنے تھے۔ دنیا کے کئی رنگ دیکھنے تھے۔ نائن الیون کے ثمرات دیکھنے تھے۔ عراق اور افغانستان میں امریکی اسلحے کا دور دیکھنا تھا۔ سوشل میڈیا کا زمانہ جینا تھا۔ ففتھ جنریشن وار میں شرکت کرنی تھی۔ بزدار صاحب کا رخ روشن پوجنا تھا۔ گیم آف تھرونز نہ دیکھنے پر زمانے کے طنز و تشنیع کے تیر سہنے تھے۔

دور حاضر کی سب سے بڑی جنگ  بریانی اور پلاؤ کی جنگ کی خونریزی کے مناظر اپنے کمزور ذہن کی سکرین پر محفوظ کرنے تھے۔ جی باقی سب آنی جانی باتیں ہیں۔ انسانیت کی بقا کے لئے اس لڑائی کا مکو ٹھپنا بہت ضروری ہے ورنہ فرقوں اور ذات پات میں بٹی یہ قوم ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جائے گی۔ خدا جانے ہم نے تین جنگیں بھارت اور لاتعداد جنگیں اپنے ہی ملک میں لڑ کر کوئی سبق حاصل کیوں نہیں کیا۔ ہم یہ کیوں نہیں سمجھ پائے کہ اس لفڑے سے کبھی کسی فریق کو کچھ نہیں ملا۔



یہ اہم مسئلہ آپ کے سامنے لانے اور حل کرنے کے لئے ہم نے نیا دور کا انتخاب بھی اسی لئے کیا ہے کہ اس جنگ کو آپ تک پہنچانے میں اہم تعاون انہی نے کیا ہے۔ یا یوں کہیے کہ اس جنگ کے آفیشل میڈیا پارٹنر یہی ہیں۔ امید ہے کچھ کنٹروورشل نہیں کہہ بیٹھے۔ اپنے کالم پر قینچی چلنا ہمیں بالکل پسند نہیں۔ مائنڈ کر جاتے ہیں ہم۔ خیر، بقول شخصے جسے دریا کا پانی جیون دے اسے دریا کی لہروں سے ڈرنا کیا۔

حل نکالنے سے پہلے یہ بات اہم ہے کہ دونوں فریقین کا مدعا غیر جانبداری سے سنا جائے۔ بریانی والوں کا کہنا ہے کہ پلاؤ ایک سست کھانا ہے۔ بس گوشت گلایااور چاول چڑھا دیے۔ نہ کوئی رنگ نہ روپ۔ بریانی تو تمام چاول بیسڈ فلموں کا ہیرو ہے۔ عروس العباد شہر کراچی کے ماتھے کا جھومر ہے۔ کسی خوشبو میں مہکی کانجی ورم کی پیلی ساڑھی میں لپٹی دلہن کا فوٹو شوٹ ہے۔ چاول کا ایک ایک دانہ یوں کھلا ہوا ہے جیسے سرسوں کے کھیت میں تازہ بسنتی پھول۔ سہاگن کی مانگ کا سیندور ہے۔ ماں کا پہلوٹھی لعل ہے۔ باپ کی طاقت ہے۔ بریانی از کنگ۔

اب آتے ہیں دوسرے مورچوں کی طرف۔ یہاں آپ کو سندھ کے علاوہ قریباً پورا پاکستان ہی پلاؤ کے رجز پڑھتا دکھائی دے گا۔ انہوں نے تو یہاں تک فتویٰ جاری کر دیا ہے کہ قدیم دریائے سندھ کی تہذیب کا حقیقی امین یہی پلاؤ ہے۔ بریانی تو محض بیرونی حملہ آور ہے جس سے ملکی سالمیت کو شدید خطرہ ہے۔ بکرے کے سینے کے گوشت کی یخنی میں پکا یہ طعامِ بہشت ہر کسی کے مقدر کی بارش نہیں۔ یہ نصیب صرف خدا کے برگزیدہ غازیوں اور پراسرار بندوں کا ہی ہے۔ پلاؤ نے نوع انسانی کو وہ دوام بخشا ہے کہ آج انسان اشرف المخلوقات کہلانے کا حقیقی حقدار ہے۔ یہ مجاہد بریانی کی ولادت کا جرم بچے کھچے سالن اور ابلے چاول کے سر ڈالتے ہیں۔



یہی نہیں ہماری اس خانہ جنگی میں بھارت کیوں پیچھے رہتا۔ را کے ایجنٹ اس میں بھی گھس آئے اور حیدرآباد کی بریانی کی مدح سرائی کرنے لگے۔ ہم اپنے ملک کے جتنے مرضی حصے بخرے کریں بھیا۔ آپ کی تعریف؟

ملک و قوم کے عظیم تر مفاد میں یہ بہت ضروری ہو گیا ہے کہ ہم ثالثی کا کردار ادا کریں۔ اس سے پہلے کہ کفار ہماری اس ناچاقی کا فائدہ اٹھائیں یہ ہم پر فرض ہو چکا ہے کہ اس جنگ کا تصفیہ کرائیں۔ معاملہ بات چیت سے حل کریں۔ دونوں فریقین کے دلائل سامنے رکھیں۔ اور کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر غیر جانبدار فیصلہ دیں۔

گواہان اور مدعین کے تمام دلائل سننے کے بعد یہ فاضل عدالت اس فیصلے پر پہنچی ہے کہ دونوں فریقین فدوی آئی مین جج کے سامنے بریانی اور پلاؤ پیش کریں۔ ایڑی چوٹی کا زور لگائیں۔ بریانی پر سونے کے ورق لگائیں۔ پلاؤ میں کاجو اور چلغوزے بچھائیں۔ چاندی کی طشتری سجائیں۔ عدالت کو شامی کباب پر بھی کوئی اعتراض نہیں۔ بس آپ لانے والے بنیں۔

ہم آپ کو مکمل انصاف کی گارنٹی دیتے ہیں۔ پرامس۔

بس سیمپل مہیا کریں۔ پھر دیکھیں انصاف کی پھرتیاں۔ نہ رہے گا بانس نہ بجے گی فینسی والی بنسری۔ اس جنگ سے چھٹکارہ حاصل کریں اور اس نفرت کی دیوار کو ڈھا دیں۔ پھر سے ایک زندہ قوم بن جائیں۔ کچھ دے دلا کے معاملہ رفع دفع کریں۔

اور جو شکریہ کرنا ہے وہ ہمارا نہیں خدا کی اس پاک ذات کا کیجئے جس نے ہمیں ابھی تک ریٹائر نہیں کیا۔ ورنہ یہ ملک مزید جنگوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اللہ کے ہر کام میں بہتری ہوتی ہے۔

آپ اچھی طرح سوچ لیں۔ ہم تب تک مراقبے میں ہیں۔