پارلیمنٹ لاجز میں پریس کانفرنسز، میڈیا سے گفتگو پر پابندی عائد کر دی گئی

پارلیمنٹ لاجز میں پریس کانفرنسز، میڈیا سے گفتگو پر پابندی عائد کر دی گئی
پارلیمنٹ لاجز میں پریس کانفرنسز اور میڈیا سے گفتگو پر پابندی عائد کردی گئی۔

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے پارلیمنٹ لاجز کی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں اراکین پارلیمنٹ کی رہائش گاہیں ہیں جہاں پریس کانفرنسز اور میڈیا سے گفتگو پارلیمینٹیرینز کے اہلخانہ کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔

ہدایت نامے میں مزید کہا گیا کہ پریس کانفرنسز کے انعقاد سے اراکین کو سیکیورٹی خدشات بھی لاحق ہوتے ہیں، لہٰذا آئندہ پارلیمنٹ لاجز میں کسی قسم کی میڈیا ٹاک یا پریس کانفرنس منعقد نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عموماً پریس کانفرنس کی جاتی ہے۔

چند روز قبل پارلیمنٹ لاجز میں پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے کہ میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور میڈیا کو روک دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ جب میں نے شہزاد اکبر کے خلاف میڈیا سے بات کی تھی اس وقت ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے زبانی حکم آیا تھا کہ اپوزیشن کی آئندہ پارلیمنٹ لاجز میں میڈیا ٹاک نہیں ہوگی۔