عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اس بات کو ایک بار پھر دہرایا گیا ہے کہ کرونا وائرس پر موسم کے کوئی اثرات مرتب نہیں ہو رہے۔ تازہ ترین بیان میں ادارے کے متعدی و وبائی امراض کی سربراہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں شمالی حصے میں اس وقت گرمیوں کا موسم ہے اور وہاں ایک عام خیال ہے کہ گرمیاں اس وائرس کو ختم کر دیں گی۔ لیکن ایسا نہیں ہے اور یہ خیال گمراہ کن مفروضوں کا سبب بن رہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کرونا کی بد ترین لہر کا سامنا کر رہی ہے۔ اور یہ مختلف لہروں میں سامنے آرہا ہے اور آتا رہے گا۔ ایسا نہیں ہے کہ کرونا وائرس کسی نزلے کے وائرس کی طرح ہے کہ جو موسمی اثرات کے تحت اتار چڑھاؤ کا سامنا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔