Get Alerts

سود کے خلاف سپریم کورٹ سے اپیل واپس لیں، وزیر خزانہ کی نیشنل بینک کو ہدایت

سود کے خلاف سپریم کورٹ سے اپیل واپس لیں، وزیر خزانہ کی نیشنل بینک کو ہدایت
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے نیشنل بینک آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں فیڈرل شریعت کورٹ کے سود کے حوالے سے حالیہ فیصلے کے خلاف اپنی اپیل واپس لے لیں تاہم سپریم کورٹ میں ربا کے خلاف وفاقی شریعت کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نے این بی پی سی کو کہا ہے کہ وہ اپنی پٹیشن واپس لیں۔

اسٹیٹ بینک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر بینک والوں سے بات کریں گے, جب کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے بلاسود معیشت کیلئے اسٹیٹ بینک کی اپیل واپس لینے میں کردار ادا کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام خط لکھا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بلاسود معیشت کیلئے اسٹیٹ بینک کی اپیل واپس لینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے خط میں تجویز دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے پر ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دیں جو فیڈرل شریعت عدالت کے فیصلے پر تحفظات کا جائزہ لے اور اس فیصلے پر عملدرآمد کی راہ ہموار کرنے کیلئے سفارشات مرتب کرے۔اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے مراسلے میں مجوزہ ٹاسک فورس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی شرعی عدالت نے 19 سال بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملک میں رائج سودی نظام کوخلاف شرع قرار دیتے ہوئے کہ ربا اور سود سے متعلق قوانین شریعت سے متصادم ہیں۔تحریری فیصلے میں وفاقی شرعی عدالت نے سودی قوانین میں 31 دسمبر 2022 تک ترامیم کی ہدایت کرتے ہوئے ملک کو 31 دسمبر 2027 تک ربا فری بنانے کا حکم دے دیا۔