نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے 15 جون تک سمن آباد انڈر پاس کو ٹریفک کے لئے کھولنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سمن آباد پہنچے اور زیر تعمیر سمن آباد انڈر پاس کا جائزہ لیا۔نگران وزیراعلی کو کمشنر لاہورڈویژن/ ڈی جی ایل ڈی محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر ،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی نے پراجیکٹ پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رات گئے بھی عوامی فلاح کے اس منصوبے پر ورکرز کو کام کرتا دیکھ کر خوشی ہوئی۔ 5 ماہ سے منصوبہ سست روی کا شکار تھا۔ اب اس منصوبے پر کام تیز ہوا ہے۔
محسن نقوی نے 15 جون تک سمن آباد انڈر پاس کو ٹریفک کے لئے کھولنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت دی کہ منصوبے پر دن رات کام جاری رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں کوئی حقیقت نہیں۔ ماؤں بہنوں کی عزت کریں اور پراپیگنڈے سے گریز کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کاکہناتھا کہ خدیجہ شاہ کی رہائی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،جناح ہاوس پر حملے میں ملوث لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک عمران خان کی نظر بندی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔جناح ہاؤس میں جتنے لوگ بھی ملوث ہیں ان کو نہیں چھوڑا جائے گا چاہے وہ کتنے ہی اثر و رسوخ والا ہے ان کے خلاف حتمی کارروائی اور سزا ملے گی۔ چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی پولیس والا غیر اخلاقی حرکت میں ملوث پایا گیا تو اس کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔