صرف چیک اپ پر ہزاروں حاجیوں کی بیماری کی خبر منفی پراپیگنڈہ ہے، وزیر مذہبی امور

صرف چیک اپ پر ہزاروں حاجیوں کی بیماری کی خبر منفی پراپیگنڈہ ہے، وزیر مذہبی امور
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ رواں برس حج آپریشن کے دوران ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کی مد میں 5 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔

حاجی کیمپ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران پیر نور الحق قادری نے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے خدشہ تھا کہ حج درخواستیں کم آئیں گی لیکن اس سال ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں، پاکستانیوں کی تعداد حج و عمرہ میں سب سے زیادہ ہے، پاکستان سے اس سال 2 لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے جب کہ 17 لاکھ پاکستانیوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے۔

سعودی وزیر برائے حج و عمرہ نے فون کر کے کہا کہ اس بار پاکستان کا رسپانس سب سے اچھا ہے۔

پیر نور الحق قادری نے اعتراف کیا کہ حج آپریشن میں مشکلات بھی آتی ہیں لیکن اسے منفی انداز میں نہیں دکھانا چاہیے، حج ایک عبادت اور فریضہ ہے، حج ڈسپنسری سے چیک اپ کرانے پر یہ خبر چلا دی گئی کہ 24 ہزار حاجی بیمار ہوگئے جو منفی پراپیگنڈہ ہے۔

کسی کو عمران خان پر غصہ یا پی ٹی آئی سے سیاسی چپلقش ہے تو اسے نکالنے کے اور بہت سے طریقے ہیں۔ حکومت کی ناکامیوں پر خبریں اس کے علاوہ بھی مل سکتی ہیں۔