کابینہ میں غیر ملکی خط پیش کیا گیا تو وزرا آبدیدہ ہو گئے، ارشد شریف کا انکشاف

کابینہ میں غیر ملکی خط پیش کیا گیا تو وزرا آبدیدہ ہو گئے، ارشد شریف کا انکشاف
سینئر صحافی ارشد شریف نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے موصول اطلاعات کے مطابق جب کابینہ میں اس خط کے مندرجات پڑھے جا رہے تھے تو متعدد وزرا آبدیدہ ہو گئے کہ یہ ہمارے ملک کیساتھ ہو کیا رہا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط کابینہ کے ارکان کو دکھا دیا ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران کابینہ ارکان کو یہ خط دکھایا گیا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو بریفنگ دی جس کے دوران دھمکی آمیز یہ خط ملنے سے متعلق ارکان کو آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم عمران خان نے کابینہ ارکان سے کہا کہ میرے خلاف عالمی سازش کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو نقصان ہو گا، میں نے تمام مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔



ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کابینہ ارکان کو وزیرِ اعظم عمران خان نے بتایا کہ میری حکومت کو گرانے کے لیے بھاری رقم بھی دی گئی ہے۔ اس خط کے حوالے سے سلامتی کے اداروں کے سربراہان کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں دھمکی آمیز خط کے مندرجات سامنے رکھ دیے ہیں۔ ان مندرجات میں بتایا گیا کہ روس سے متعلق پاکستان کے موقف سے امريکا اور يورپ خوش نہيں ہیں۔ خط ميں بہت جارحانہ اور سخت زبان استعمال کی گئی ہے اور دورہ روس پر وزيراعظم عمران خان کو نشانہ بنايا گيا ہیں۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئینی طور پر ممانعت ہے کہ ہم خط دکھائيں، عسکری قيادت کو خط کے مندرجات پر اعتماد ميں ليا گيا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اتوار والے دن ٹيبل ٹرن ہو جائیں گے۔ ايک لاکھ لوگ اتوار کو اسلام آباد آ جائيں گے۔ اتوار والے دن 100 فیصد جیتنے کے چانس ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خط بھیجنے والے ملک کا خیال ہے کہ دورہ روس عمران خان کا اکيلے کا اقدام تھا اور عمران خان کو ہی موجودہ خارجہ پاليسی کا مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔