ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار کے پاکستانی مارکیٹ سے انخلا اور کسی دوسری کمپنی کے ساتھ ممکنہ انضمام کی خبروں پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کا ردعمل سامنے آ گیا ہے.
پی ٹی اے نے ایک اردو روزنامے میں شائع خبر پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹیلی نار پاکستان میں آپریشن بند نہیں کر رہی۔ اس کی بندش سے متعلق غلط خبریں پھیلائیں گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار حال ہی میں اس کے عالمی سی ای او کے ایک بیان کے بعد خبروں میں تھی کہ وہ پاکستان سمیت ایشیا میں انضمام کے مواقع کو دیکھ سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے وضاحتی بیان میں کہا کہ اس نے کبھی بھی ٹیلی نار سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا اور اخبار میں جو کچھ بھی کہا گیا وہ غلط تھا۔ اسے ٹیلی نار کی جانب سے ملک میں اپنی خدمات ختم کرنے کے لیے کبھی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی نے سیلولر آپریٹرز کے درمیان مجوزہ انضمام پر پی ٹی اے سے این او سی کی درخواست کی گئی۔
پی ٹی اے نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں ہونے والے کسی بھی ممکنہ انضمام کے لیے ریگولیٹری منظوری درکار ہوگی اور آپریٹرز کو اپنے آپریشنز کو ضم کرنے کے لیے پی ٹی اے کی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔ تاہم ابھی تک ایسی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔