لندن میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کا جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سےٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ نواز شریف نے ذرائع کے مطابق فضل الرحمٰن کو حکومت کےخلاف بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے مولانا کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گفتگو کے دوران نوازشریف نےمولانا فضل الرحمان کو بھرپور اپوزیشن کاکردار ادا کرنےکی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ حکومت کےساتھ بیٹھنا ہمارے مؤقف کی نفی ہے، مشترکہ حکمت عملی طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیماری، رابطے کا فقدان اور دور ہونے کی وجہ سے شکایت پیدا ہوئی آئندہ شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن حکومت کے خلاف مشترکہ اور پر زور تحریک کا لائحہ عمل نہ بنانے پر اپوزیشن خاص طور پر ن لیگ سے ناراض ہو گئے تھے اور انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کھل کر کیا تھا۔