ہوٹل میں خفیہ کیمرے کس طرح تلاش کئے جا سکتے ہیں؟ زبیر عمر کی مبینہ ویڈیو کے بعد ہر کوئی جاننے کو بے تاب

ہوٹل میں خفیہ کیمرے کس طرح تلاش کئے جا سکتے ہیں؟ زبیر عمر کی مبینہ ویڈیو کے بعد ہر کوئی جاننے کو بے تاب
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما زبیر عمر کی مبینہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ہر کسی کے ذہن میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آخر یہ خفیہ کیمرے کہاں لگے ہوتے ہیں اور ان کا کس طرح سے سراغ لگایا جا سکتا ہے؟

خیال رہے کہ پاکستان میں سیاستدانوں یا مشہور شخصیات کی مبینہ ویڈیوز اور آڈیوز کے سکینڈل سامنے آنا کوئی نئی بات نہیں ہے، اس سے قبل بہت سے لوگوں کو اس گھٹیا حرکتوں سے بدنام کیا جا چکا ہے۔

اب حال ہی میں لیگی رہنما زبیر عمر کی مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد لوگ ہوٹل جانا تو دور کی بات اس کا نام لینے سے بھی کترانے لگے ہیں۔ تاہم ان کے ذہن میں یہ سوال ضرور پیدا ہو رہا ہے کہ آخر ان خفیہ کیمروں کا کس طرح سراغ لگایا جا سکتا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو پر اس حوالے سے شائع دلچسپ اور معلوماتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح ایک عام انسان ان خفیہ کیمروں کا سراغ لگا کر اپنی عزت کو محفوظ رکھ سکتا ہے۔

موبائل فون کی لائٹ کا استعمال

کہتے ہیں کہ تمام لینز اور چھوٹے سائز کے کیمروں میں روشنی کو منعکس کرنے کی خصوصیت موجود ہوتی ہے، اس لئے یہ بات واضح ہے کہ چھپایا گیا کیمرہ بھی روشنی منعکس کریگا۔ اس کو چیک کرنے کیلئے کمرے میں مکمل اندھیرا کرکے فون کی لائٹ کو آن کر دیں۔ اس لائٹ کو چاروں طرف اور اوپر نیچے گھمائیں، اس کی روشنی اگر کسی مقام پر منعکس ہو تو اس جگہ کا جائزہ لے کر آپ خفیہ کیمروں کا آسانی سے کھوج لگا سکتے ہیں۔

کمرے کا بغور معائنہ کریں

اس کے علاوہ یہ بھی بہت ضروری ہے کہ اگر کبھی ہوٹل میں جانا ہی پڑ جائے تو اپنے اردگرد کی چیزوں کا جائزہ لینے اور مشاہدہ کرنے کی مہارت کو بڑھائیں۔ اگر کمرے میں موجود چیزوں کی ترتیب میں آپ کو کسی بھی قسم کا شک محسوس ہو تو فوری طور پر چوکس ہو جائیں، وہاں ضرور کوئی نہ کوئی گڑبڑ ہے۔

کمروں اور باتھ روم میں لگا سموگ ڈٹیکٹر کو بھی خفیہ کیمرہ نصب کرنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے اس لئے ان پر خصوصی نظر رکھیں۔ ان باتوں کے علاوہ ایئر فلٹر، ڈیسک پلانٹس، وال ساکٹس، شو بکس، الیکٹرونک آؤٹ لیٹس، ٹاور کا سامان اور دیوار کی سجاوٹ بھی ضرور چیک کریں۔

کیمرہ ڈٹیکٹر ڈیوائس

پیشہ ورانہ طریقے سے خفیہ کیمروں کا سراغ لگانے والا آلہ کیمرہ ڈٹیکٹر ڈیوائس کہلاتا ہے، اس کو خریدیں اور بے فکر ہو کر جہاں مرضی جائیں، کیونہ یہ چھپے ہوئے کیمرے کا پتا لگانے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔

شکوک ڈیوائس کو ڈھانپ دیں

اگر ہوٹل کے کمرے میں کوئی مشکوک ڈیوائس دیکھیں تو فوراً کسی کپڑے سے اسے ڈھانپ دیں یا کسی الماری میں رکھ دیں، ایسا کرنے سے آپ کو دلی تسلی ہوگی کیونکہ آپ نہیں جانتے اس ڈیوائس میں کیا ہے؟

ریکارڈنگ ڈیوائس سکین ایپ

اگر تمام کوششیں کرنے کے باوجود آپ کو خفیہ کیمروں یا آلات کا پتا نہیں چلا تو پریشان نہ ہوں، اپنے موبائل پر Detectify یا Radarbot ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کریں، اس کی مدد سے ریکارڈنگ ڈیوائس کو فریکوئنسی کا استعمال کرتے ہوئے سکین کرے گی۔