پیمرا کی جانب سے ایک بار پھر نجی چینل 24 نیوز ایچ ڈٰی کا لائسنس معطل کر دیا گیا ہے۔ پیمرا کی جانب سے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے تناظر میں ملک کے تمام ٹی وی چینلز کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ مذہبی منافرت پر مبنی مواد کو نشر نہیں کریں گے۔ تاہم 24 نیوز کی جانب سے ایسے مواد کو آن ائیر کیا گیا ہے جس پر کوئی ادارتی کنٹرول نہیں تھا اور اسے مسلسل نشر کیا گیا۔ ایسا دس محرم الحرام کی خصوصی نشریات کے دوران کیا گیا۔ جس پر پیمرا نے سیکشن 30 شق تین کے تحت چینل کا لائسنس معطل کردیا ہے۔
جبکہ چینل کو 14 روز کے اندر اپنا موقف پیش کرنے اور معاملے پر وضاحت دینے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ اب سے کچھ ماہ قبل بھی پیمرا نے ایک خبر پر چینل 24 کا لائسنس معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد چینل کے مالک محسن نقوی نے اسے ہمیشہ کے لئے بند کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ 1000 کے قریب ملازمین فارغ ہوگئے تھے تاہم پھر عدالت سے لائسنس کی بحالی کا فیصلہ آنے پر یہ معاملہ رفع ہوا تھا۔