Get Alerts

پائلٹس کے جعلی لائسنس سے متعلق غلام سرور کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا

پائلٹس کے جعلی لائسنس سے متعلق غلام سرور کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا

 وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان کا پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا اور  262 میں سے 180 پائلٹس کلیئر ہوگئے۔


وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کی وجہ سے پی آئی اے پر مسلسل 6 ماہ سے یورپی سفر کے لیے  پابندی عائد ہے جب کہ وزیر اعظم نے بھی تسلیم کیا کہ معاملے کو مسل ہینڈل کیا گیا اور  اٹارنی جنرل نے بھی عدالت میں غلطی تسلیم کی۔تاہم وزیر ہوا بازی اپنی غلطی ماننے کو تیار نہ تھے۔


دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی  کہا کہ غلام سرور خان کا بیان لاپرواہی پر مبنی تھا  مگر غلام سرور خان غلطی ماننے کو تیار نہیں۔


یاد رہے کہ جعلی یا مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) کے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی۔

مشکوک لائسنس والے پاکستانی پائلٹس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 30 جون کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپین ممالک کے لیے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کیا تھا۔

ای اے ایس اے کی جانب سے پابندی کے بعد برطانیہ نے بھی پی آئی اے کی پروازوں کی آمد پرپابندی عائد کردی تھی جب کہ ویت نام کی ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی مشتبہ لائسنس کی اطلاعات کے بعد تمام پاکستانی پائلٹس گراؤنڈ کردیے تھے۔

اس کے علاوہ ملائیشیا نے بھی پاکستانی پائلٹوں کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا جب کہ متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایمریٹس ائیرلائنز میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس اور فلائٹ آپریشن افسران کے مشکوک لائسنس کی جانچ پڑتال کے لیے پاکستانی حکام کو خط لکھا تھا۔