گنجائش سے زیادہ قیدی، سندھ کے مختلف شہروں میں 8 نئی جیلیں بنانے کا فیصلہ

گنجائش سے زیادہ قیدی، سندھ کے مختلف شہروں میں 8 نئی جیلیں بنانے کا فیصلہ
آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کا کہنا ہے کہ سندھ بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں جس کی وجہ سے صوبے میں 8 نئی جیلیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی جی نصرت منگن کے مطابق یہ 8 جیلیں کراچی سمیت صوبے کے دوسرے شہروں میں بنائی جائیں گی۔ ان شہروں میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، نوابشاہ، میرپورخاص اور مٹھی شامل ہیں۔

آئی جی جیل خانہ جات نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے کراچی شرقی اور غربی میں نئی جیلیں بنانے کی منظوری دی ہے اور کراچی میں نئی جیل کا کام 65 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قمبر شہداد کوٹ میں بھی دو نئی جیلیں بنائی جائیں گی اور پرانی جیلوں میں موجود اضافی قیدیوں کو نئی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔

نصرت منگن نے کہا کہ سندھ کے تمام ڈویژن میں خواتین اور بچہ جیل بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ نوابشاہ اور میرپور خاص میں بچہ اور خواتین جیل جلد کھول دی جائیں گی، بچہ اور خواتین جیلوں میں قیدیوں کو چارپائی دی گئی ہے، دیگر جیلوں کے قیدیوں کو بھی چارپائی کی سہولت دینے پر کام جاری ہے۔