اگر کوئی سینیٹ میں ہمارا اپوزیشن لیڈر نہیں مانے گا تو ہم قومی اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن کو نہیں مانیں گے: نوید قمر

اگر کوئی سینیٹ میں ہمارا اپوزیشن لیڈر نہیں مانے گا تو ہم قومی اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن کو نہیں مانیں گے: نوید قمر
پاکستان مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہ ماننے کے بیان پر پیپلز پارٹی کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

 پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر خزانہ سید نوید قمر سے منسوب میڈیا میں جاری  بیان کے مطابق اگر ن لیگ اور جے یو آئی  ایف سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے کا فیصلہ کریں گی تو ہم بھی قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے پر مجبور ہوں گے۔اپوزیشن کے تمام اہم فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مکمل اتفاق رائے سے ہونے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ اور جے یو آئی نے تمام فیصلے خود کرنے ہیں تو اپوزیشن اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں۔ ن لیگ اور جے یو آئی لانگ مارچ سے استعفوں کو نتھی کرکے پہلے ہی پی ڈی ایم کو بڑا دھچکا پہنچا چکے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے متفقہ فیصلوں کی خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ آج مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جمیعت علمائے اسلام ف کے مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں پارٹیوں نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو  سینیٹ الیکشن پر اتفاق کیا تھا۔ 

یاد رہے کہ ایکسپریس نیوز نے خبر دی تھی تو مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کے بعد کی صورت حال پر مشاورت کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دوران کہا گیا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں پیپلزپارٹی کے رویہ سے مایوس ہیں۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو اپنا قائد حزب اختلاف لانے کے لئے حکمت عملی طے کرنی ہوگی