نواز شریف کے علاج کے لیے قائم میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کے لئے آپریشن تھیٹر تیار کیا گیا ہے۔
نجی نیوز چینل نے اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹلیٹس کی تعداد 39 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور اب انہیں اسٹیرائیڈز دیے جا رہے ہیں۔
میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمد ایاز نے بتایا کہ نواز شریف بظاہر ٹھیک ہیں، پلیٹلیٹس میں اتار چڑھاؤ کے باعث اندرونی طور پر بہت ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آپریشن تھیٹر تیار کیا گیا ہے جس کے عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمود نے مزید بتایا کہ پچھلے دنوں نواز شریف کو انجائنا کا اٹیک ہوا تھا، پلیٹلیٹس بڑھانے کے لیے مزید دوائیں اور انجیکشن نہیں دے سکتے، پلیٹیلیٹس بڑھانے کی دوائی دل پر پریشر ڈالتی ہے اور کوئی بھی دوائی بڑھانے سے گردے پر اثر پڑتا ہے جب کہ ادویات دینے سے یوریا کیریٹین بھی بڑھ جاتا ہے جو گردوں کو متاثر کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی حراست میں میاں نواز شریف کی طبیعت 21 اکتوبر کو خراب ہوئی اور ان کے پلیٹلیٹس میں اچانک غیر معمولی کمی واقع ہوئی تھی۔ جس کے بعد انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔