لیونل میسی نے سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ  'بالون ڈی اور' آٹھویں مرتبہ جیت لیا

معروف سابق فٹبالر ڈیوڈ بیکہم نے لیونل میسی کو ’بالون ڈی اور‘ کی ٹرافی دی۔ اس موقع پر میسی نے اپنی فیملی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اس اعزاز کو ارجنٹینا کے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے نام کیا۔

لیونل میسی نے سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ  'بالون ڈی اور' آٹھویں مرتبہ جیت لیا

ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے 8 ویں مرتبہ 2023 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ‘بالون ڈی اور’ جیت لیا۔

پیرس میں منعقد کی گئی تقریب میں میسی کو سال 2023 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ معروف سابق فٹبالر ڈیوڈ بیکہم نے لیونل میسی کو ’بالون ڈی اور‘ کی ٹرافی دی۔ اس موقع پر میسی نے اپنی فیملی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اس اعزاز کو ارجنٹینا کے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے نام کیا۔

تقریب میں میسی کی ارجنٹائن ٹیم کے ساتھی امیلیانو مارٹینیز نے بہترین گول کیپر کی یاشن ٹرافی جیتی۔ انگلینڈ اور ریال میڈرڈ کے مڈ فیلڈر جوڈ بیلنگھم کو کوپا ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہیں سال کا بہترین فٹبالر قرار دیا گیا جبکہ ریال میڈرڈ کے ونی جونیئر انسانیت کے لیے کام کرنے والے بہترین فٹبالر قرار پائے۔ بہترین فٹبال ٹیم کا ایوارڈ مانچسٹر سٹی کے نام رہا۔

بارسلونا ویمن ٹیم نے سال کی بہترین فٹبال ٹیم کا ایوارڈ جیت لیا اور سپین اور بارسلونا کی جانب سے کھیلنے والی ایتانا بونماٹی سال کی بہترین خاتون فٹبالر قرار پائیں۔  ایمیلیانو مارٹنیز سال کے بہترین گول کیپر کا ایوارڈ لے گئے اور ایرلنگ ہالینڈ سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنے کے ایوارڈ کے حق دار قرار پائے۔ 

لیونل میسی کا ورلڈکپ 2022 میں ارجنٹائن کو 36 سال بعد تیسری بار ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار رہا۔ میسی نے ورلڈکپ 2022 میں 7 گول مارے۔ 3 گول میں مدد کی جبکہ انہوں نے گزشتہ سیزن کے دوران 41 میچوں میں 21 گول سکور کیے۔

مزید برآں میسی نے رواں سال امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کو پہلی بار لیگز کپ جتوانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے میجر لیگ کے 14 مقابلوں میں 11 گول بھی سکور کیے تھے۔

میسی سب سے زیادہ 8 مرتبہ ’بالون ڈی اور ‘ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ انہوں نے بالون ڈی اور ایوارڈ پہلی مرتبہ 2009 میں جیتا تھا جبکہ 2010، 2011، 2012، 2015، 2019 اور 2021 میں بھی یہ ایوارڈ میسی کے نام رہا۔

پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے یہ ایوارڈ 5 بار اپنے نام کیا ہوا ہے۔ رونالڈو نے آخری بار 2017 میں سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

گزشتہ سال بالون ڈی اور ایوارڈ فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما کے نام رہا تھا۔

واضح رہے کہ بالون ڈی اور  ایوارڈ فرانس فٹبال کی جانب سے سال کے بہترین فٹبالر کو دیا جاتا ہے جبکہ اس میں دنیا بھر سے 100 صحافی فاتح کیلئے ووٹ کرتے ہیں۔