گوادر میں حالات کشیدہ، سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین پتھراؤ

گوادر میں حالات کشیدہ، سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین پتھراؤ
حق دو تحریک کے دھرنے پر سیکیورٹی فورسز کے دھاوا بولنے کے بعد سے گْوادر میں حالات کشیدہ ہو گئے۔ اس وقت شہر میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین پتھراؤ اور شیلنگ جاری ہے۔

حق دو تحریک کے رہنماوٴں کی گرفتاری کے خلاف گوادر، اورماڑہ، سر بندر اور پسنی میں مکمل شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی جا رہی ہے۔ شٹر ڈاوٴن ہڑتال کے باعث گوادر، اورماڑہ اور پسنی کی تمام مارکیٹ، کاروباری مراکز اور بینک بند ہیں۔

مظاہرین کی جانب سے گْوادر پولیس کمپلیکس اور ڈی آئی جی آفیس کا گھراؤ  کر لیا گیا۔ مختلف مقامات پر پولیس کی آنسو گیس شیلینگ جاری ہے۔ فورسز کی شیلینگ سے خواتین کارکنان سمیت درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔

کارکنان نے مکران کوسٹل ہائی وے، اورماڑہ اور پسنی زیرو پوائنٹ کو بھی عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا۔ زیروپوائنٹ بند ہوجانے کی وجہ سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

علاقے کی خراب صورتحال کے باعث موبائل نیٹ ورکس اور انٹرنٹ سروس بھی معطل ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب تین بجے، سیکیورٹی فورسز نے حق دو تحریک کے دھرنے پر دھاوا بول دیا تھا اور تحریک کے قائد حسین واڈیلہ سمیت کئی رہنماوں اور 20 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا تھا۔ خواتین کارکنان کی جانب سے مولانا ہدایت الرحمن مولانا کو گرفتاری سے بچا لیا گیا۔