نسلہ ٹاور کی مسماری کیخلاف شہر قائد میں تعمیراتی کام بند کرنے کا اعلان

نسلہ ٹاور کی مسماری کیخلاف شہر قائد میں تعمیراتی کام بند کرنے کا اعلان
ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) نے کراچی میں نسلہ ٹاور کی مسماری کیخلاف جمعہ کے روز تمام تعمیراتی کام بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ''آباد'' کے چیئرمین محسن شیرخانی کا کہنا تھا کہ میں تعمیرات کے شعبے سے وابستہ تمام ساتھیوں اور دوستوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ہم جمعہ مورخہ 26 نومبر کو اپنا تمام کام بند کرنے جا رہے ہیں۔

https://twitter.com/UrbanPlannerNED/status/1463911261041827846?s=20

چیئرمین آباد کا کہنا تھا کہ جب تک اس چیز کا حل نہیں نکالا جاتا، شہر کراچی میں کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا۔ ہم اجازت لے کر ہی عمارتیں تعمیر کرتے ہیں اور ہمارے کسٹمرز ہم پر اعتبار کرکے اسے خریدتے اور وہاں رہائش اختیار کرتے ہیں لیکن جب انھیں مسمار کر دیا جائے تو ہمارے کام کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

انہوں نے اس شعبے سے وابستہ تمام افراد سے گزارش کی کہ وہ جمعہ کے روز نسلہ ٹاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے دوپہر ڈھائی بجے اس کے سامنے جمع ہوں۔ اس کے بعد ہم اپنا آئندہ کا لائحہ عمل جاری کریں گے۔