عمران خان ودیگر کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کیلئے سینیٹ میں قرارداد جمع

عمران خان ودیگر کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کیلئے سینیٹ میں قرارداد جمع
سینیٹر افنان اللہ خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سینیٹ میں صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان، قاسم سوری اور فواد چودھری کیخلاف قرارداد جمع کرا دی ہے جس میں ان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں افنان اللہ خان نے لکھا کہ میں نے سینیٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں قرارداد جمع کرا دی ہے کہ جن لوگوں نے پاکستان کے آئین کے خلاف سازش کی ہے، ان کو آرٹیکل 6 کے تحت سزا دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان، عارف علوی، قاسم سوری اور فواد چودھری نے آئین سے غداری کی ہے۔ انھوں نے جانتے بوجھتے ایک پلان کے تحت پاکستان کے آئین کےساتھ کھلواڑ کیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کوئی محب وطن پاکستانی، اپنے ملک کے خلاف سازش نہیں کرتا اور یہی ان لوگوں نے کیا۔ ان سب کیخلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنتا ہے۔

سینیٹر افنان اللہ خان کی جانب سے سینیٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ عارف علوی کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرے کیونکہ وہ مبینہ طور پر غدار ہیں اور انہیں صدر کے معزز عہدے پر فائز نہیں ہونا چاہیے۔

https://twitter.com/afnanullahkh/status/1547548114155741184?s=20&t=yjAfx0h7w4m8wBHdJ7ez1Q

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم کی رولنگ کے خلاف ازخود نوٹس کے تفصیلی فیصلے پر جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے اضافی نوٹ لکھا جس میں ان کا کہنا ہے کہ سپیکر، ڈپٹی اسپیکر، صدر اور وزیراعظم نے 3 اپریل کو آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے اضافی نوٹ میں لکھا کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر کی رولنگ سے صدر اور وزیراعظم کی اسمبلیاں تحلیل کرنے تک کی کارروائی عدم اعتماد ناکام کرنے کیلئے تھی۔

اضافی نوٹ میں کہا گیا کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر کی رولنگ اور صدر، وزیراعظم کی اسمبلیاں تحلیل کی کارروائی سے عوام کی نمائندگی کا حق متاثر ہوا۔ آرٹیکل 5 کے تحت آئین پاکستان کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 کی کارروائی کا راستہ موجود ہے۔

اس اضافی نوٹ پر فواد چودھری نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جج صاحب ایسے باتیں نہ کریں، پھر جواب ملے گا توآپ آسمان سے جا لگیں گے۔ اگر ججز آئین توڑیں تو کیا سزا ہونی چاہیے؟ ججزایسی باتیں نہ کریں۔ اگر بھٹو کا کیس کھل گیا تو کیا نتیجہ ہوگا؟ آرٹیکل 6 پرمقدمات بننے لگ گئے تو گلوں کے لیے رسّے کم پڑ جائیں گے۔