حکم عدولی کا الزام، صدر عارف علوی کے سیکریٹری نے ایوان صدر کا چارج چھوڑدیا

صدر عارف علوی نے گزشتہ ماہ کی 20 تاریخ کو وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وفاقی سیکریٹری حمیرا احمد کو ان کی جگہ دی جائے لیکن انہوں نے ایوان صدر کی خدمات انجام دینے سے انکار کر دیا تھا۔ بعد ازاں کچھ دیگر وفاقی سیکریٹریوں کو ایوان صدر میں خدمات انجام دینے کو کہا گیا لیکن کسی بھی وفاقی سیکریٹری نے صدر مملکت کا سیکریٹری بننے پر رضامندی نہیں دی۔

حکم عدولی کا الزام، صدر عارف علوی کے سیکریٹری نے ایوان صدر کا چارج چھوڑدیا

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی  کے سیکریٹری وقار احمد نے ایوان صدر کا چارج چھوڑ کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو اگلی ذمہ داری کے لیے رپورٹ کردی۔ صدر نے اپنے سیکریٹری وقار احمد کو حکم عدولی کرنے پر  عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

صدر عارف علوی نے گزشتہ ماہ کی 20 تاریخ کو وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وفاقی سیکریٹری حمیرا احمد کو ان کی جگہ دی جائے لیکن انہوں نے ایوان صدر کی خدمات انجام دینے سے انکار کر دیا تھا۔

بعد ازاں کچھ دیگر وفاقی سیکریٹریوں کو ایوان صدر میں خدمات انجام دینے کو کہا گیا لیکن کسی بھی وفاقی سیکریٹری نے صدر مملکت کا سیکریٹری بننے پر رضامندی نہیں دی۔

اب ارم بخاری جو ایوان صدر میں ایڈیشنل سیکریٹری تھیں کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی ہیں۔ وہ ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ سے ہیں۔

اس سلسلے میں ایوان صدر کی جانب سے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو خط لکھ کر کہا گیا تھاکہ صدرمملکت کے سیکرٹری وقار احمد کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں۔ لہذا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کی جاتی ہیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی 22 گریڈ کی  افسر ، حمیرا احمد  ، کو بطورصدر مملکت کی سیکریٹری تعینات کیا جائے۔

ایوان صدر کے مطابق صدر کے  'بل پر دستخط' کے بیان کے پیشِ نظر ایوانِ صدر نے سیکریٹری کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کردیں۔

اس سے قبل صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط نہیں کیے بلکہ ان کے عملے نے ان کی مرضی اور حکم کو مجروح کیا ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ میں ان قوانین سے متفق نہیں تھا۔عملے سے کہا تھا بغیر دستخط بلوں کو مقررہ وقت پر واپس کر دیں۔ میں نے اپنے عملے سے کئی بار پوچھا کہ بل واپس کر دیے ہیں لیکن عملے نے یقین دہانی کروائی کہ بل واپس کر دیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اللہ سب جانتا ہے اور یقین ہے کہ وہ مجھے معاف کر دے گا، ان لوگوں سے معافی مانگتا ہوں جو اس سے متاثر ہوں گے۔