عمران خان کا دورہ امریکا، کفایت شعاری کی مثال

عمران خان کا دورہ امریکا، کفایت شعاری کی مثال
وزیراعظم عمران خان، نواز شریف اور آصف زرداری کےدورِ اقتدار میں اُن کے امریکا کے دورے قوم کو کتنےمیں پڑے؟ تینوں دوروں پر خرچ کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

حکومت کی جانب جاری تفصیلات کے مطابق عمران خان کے دورہ امریکا پر 67 ہزار 180 ڈالرز ( پاکستانی 1 کروڑ 10 لاکھ روپے) خرچ ہوئے۔

حکومت کی جانب سے جاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ 27 رکنی وفد امریکا گیا تھا، وفد کے فضائی سفر پر 60 لاکھ روپے اور ان کے ہوٹل اخراجات کی مد میں ساڑھے 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ دستاویز کے مطابق دورہ امریکا میں وزیراعظم اور ان کے وفد کے کھانے پر 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے، وزیراعظم نے 7 لاکھ روپے ٹپ کی مد میں خرچ کیے اور ایک لاکھ 42 ہزار کے تحائف تقسیم کئے۔

اس سے قبل سابق صدر آصف زرداری کے ایک دورے پر 6 کروڑ سے زائد اور  نواز شریف کے دورے پر 5 کروڑ سے زائد خرچ ہوئے،

سابق صدر آصف زرداری کے 2009ء میں 4 سے 8 مئی تک دورہ امریکا کے دوران 4 کروڑ 84 لاکھ 77 ہزار 56 روپے خرچ ہوئے۔

آصف زرداری نے دو مئی سے 4 مئی تک برطانیہ میں ٹرانزٹ قیام کیا جس پر قومی خزانے سے ایک کروڑ 20 لاکھ 39 ہزار رروپے خرچ ہوئے۔

سابق صدر آصف زرداری نے دورے کے دوران دو لاکھ 52 ہزار 460 روپے ٹپ اور 11 لاکھ 27 ہزار 220 روپے کے تحائف پر لٹائے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2013ء میں 20 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک امریکا کا سرکاری دورہ کیا، جس پر قومی خزانے سے 5 کروڑ 87 لاکھ 79 ہزار 373 روپے خرچ ہوئے۔

نواز شریف نے بھی لندن میں3 دن نجی قیام کیا، انہوں نے 5 لاکھ 34 ہزار 500 روپے ٹپ اور 9 لاکھ 97 ہزار 499 روپے تحائف پر خر چ کیے۔ نواز شریف کے وفد میں 44 افراد شامل تھے۔