Get Alerts

وزیراعظم شہبازشریف اور صدر آصف زرداری کا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پراظہار افسوس

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک بھر میں ایک روزہ سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف اور صدر آصف زرداری کا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پراظہار افسوس

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ۔ انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل صدر رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے تاریخی دورہ پر پاکستان کو ان کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔ وہ پاکستان کے اچھے دوست تھے۔ پاکستان میں یوم سوگ منایا جائے گا اور صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے احترام اور برادر ملک ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پرچم سرنگوں رہے گا۔

 انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کی اطلاع کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو ہم بے چینی سے دیکھ رہے تھے۔ اچھی خبر کی امید تھی مگر افسوس، ایسا نہیں ہوا۔ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اس نقصان پر ایرانی قوم کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللّٰہ شہادت کا رتبہ پانے والوں کو جنت الفردوس میں مقام عطا کرے۔ وزیراعظم ایرانی قوم اپنے روایتی جرات سے اس عظیم صدمے کو برداشت کرے گی۔

صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا۔ ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے ۔ آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔

صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور جاں بحق دیگر افراد کے سوگواران سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پچھلے ماہ ہمیں پاکستان میں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔ ہماری گفتگو کے دوران، میں نے انہیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم پایا۔ آغا رئیسی ہمیشہ پاکستان اور اسکے عوام کو خاص مقام دیتے۔ ان کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ان کاکہنا تھا کہ صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔ ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔

دوسری جانب پاکستان نے افسوس ناک ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے ناگہانی موت پر ایران کے لیے پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس انتہائی مشکل گھڑی میں ایران کے عوام کے ساتھ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ایرانی صدر نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ یہ ایک تاریخی دورہ تھا جس میں مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اور ایرانی صدر کے دورے میں مل کر آگے بڑھنے پر بات ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا اس مشکل وقت میں پاکستان ایران کے عوام کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ آذر بائیجان دورے سے واپس جاتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔تہران ٹائمز کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اور مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی بھی جاں بحق ہوئے۔