ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی نماز جنازہ آج تبریز میں ادا کی جائے گی

ایرانی میڈیا کے مطابق نماز جنازہ کے بعد صدر ابراہیم رئیسی کی میت کو تہران لے جایا جائے گا جبکہ تدفین آبائی علاقے مشہد میں ہوگی۔ مشہد اور قم سمیت مختلف شہروں میں ابراہیم رئیسی کی وفات پرشہری غمزدہ ہیں۔ ایران میں قومی سانحے پرآج سے پانچ روزہ یوم سوگ منایا جائے گا۔

ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی نماز جنازہ آج تبریز میں ادا کی جائے گی

ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت دیگر حکام کی نماز جنازہ آج تبریز میں ادا کی جائے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نماز جنازہ کے بعد صدر ابراہیم رئیسی کی میت کو تہران لے جایا جائے گا جبکہ تدفین آبائی علاقے مشہد میں ہوگی۔ مشہد اور قم سمیت مختلف شہروں میں ابراہیم رئیسی کی وفات پرشہری غمزدہ ہیں۔ ایران میں قومی سانحے پرآج سے پانچ روزہ یوم سوگ منایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایرانی صدر کی آخری رسومات کی ادائیگی کا آغاز آج ایران کے شہر تبریز سے ہوگیا ہے۔ تبریز کے بعد منگل کو ابراہیم رئیسی کی میت کو ایران کے شیعہ علما کے مرکز قم پہنچایا جائے گا جسے بعد میں تہران منتقل کیا جائے گا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای بدھ کی صبح سے شروع ہونے والے بڑے جلوسوں سے قبل منگل کی رات تہران میں ایک تعزیتی تقریب میں نماز ادا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اس کے بعد ایرانی صدر کو جمعرات کی صبح جنوبی خراسان صوبے اور بعد ازاں ان کے آبائی شہر مشہد لے جایا جائے گا۔ جہاں آخری رسومات کے بعد جمعرات کی شام ان کی تدفین کی جائے گی۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق نائب صدر محمد مخبر نے صدارتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں جبکہ ایران کے ایٹمی مذاکرات کار علی باقری‌ کنی کو قائم مقام وزیر خارجہ مقرر کردیا گیا ہے۔ قائم مقام صدر کی جانب سے آئندہ 50 روز میں صدارتی الیکشن کرائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ 19 مئی کو ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ ہیلی کاپٹر ایرانی مشرقی آذر بائیجان صوبے میں گرا جس میں ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیر عبداللہیان، مشرقی آذر بائیجان کے گورنر مالک رحمتی، تبریز کے امام سید محمد الہاشم، صدر کے سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈر سردار سید مہدی موسوی سمیت بارڈی گارڈ اور ہیلی کاپٹر عملہ جاں بحق ہوگیا تھا۔