ڈبلیو بی او یوتھ ورلڈ چیمپئن پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے 12 ویں انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی۔ عثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے حریف کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔
عثمان وزیر کے جارحانہ انداز کے سامنے تھائی باکسر بے بس ہو گیا اور تیسرے راونڈ میں ہی ناک آوٹ ہو گیا۔ پاکستان کھلاڑی عثمان وزیر نے اپنی 12ویں انٹرنیشنل فائٹ میں بھی ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔
قومی کھلاڑی نے اپنی فتح فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے نام کر دی۔
مقابلہ جیتنے کے بعد گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عثمان وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہم فائٹ میں میری کامیابی کے لیے دعاؤں پر پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں اور مستقبل میں بھی باکسنگ کے میدان میں پاکستان کا پرچم سربلند رکھنے کے لیے پر عزم ہوں۔
پاکستانی باکسنگ سٹار کو سپورٹ کرنے تھائی لینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر یاسر حسین بھی موجود تھے۔ یاسر حسین نے کہا کہ عثمان وزیر نے فائٹ جیت کر تھائی لینڈ میں موجود پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے ۔