Get Alerts

ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر سمندر میں ڈوب کر ہلاک، لاش تین روز بعد برآمد

ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر سمندر میں ڈوب کر ہلاک، لاش تین روز بعد برآمد
ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر شاڈ گیس پیارڈ کی لاش وینس بیچ سے تین دن بعد برآمد کرلی گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای کے سٹار ریسلر شاڈ گیس پیارڈ کی لاش تین دن بعد سمندر سے برآمد کرلی گئی وہ اپنے بیٹے کے ساتھ وینس بیچ پر نہانے کے دوران ڈوب گئے تھے اور ان کے بچے کو ریسکیو اہلکاروں نے بچا لیا تھا۔

ریسلر شاڈ گیس پیارڈ نے ڈوبنے کے دوران ریسکیو اہلکاروں کو کہا کہ پہلے ان کے 10 سالہ بچے کو بچایا جائے بعد میں انہیں بچایا جائے، بے رحم موجوں سے لڑتے ہوئے اہلکاروں نے بچے کو تو بچا لیا لیکن ریسلر جان کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ کے مطابق بدھ کی دوپہر ڈیڑھ بجے حکام کو ریسلر کا بے جان جسم ریت کے گرد موجود ملا جسے بعدازاں ہسپتال منتقل کیا گیا۔





گیس پیارڈ کی اہلیہ سلیانا گیس پیارڈ کو بھی اس سائٹ کے قریب کنبہ اور دوستوں کے ایک گروپ کی رہنمائی کرتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں دوپہر تقریباً دو بجے اس کے شوہر کی لاش ساحل سے ملی۔

غمزدہ بیوی نے گذشتہ روز انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے شوہر کو بچانے کے لیے حکام کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا تھا اور کہا کہ وہ اور خاندان گیس پیارڈ کی محفوظ واپسی کے لیے پر امید اور دعا گو ہیں۔

ساتھی ریسلر اور سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن کوفی کنگسٹن نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاڈ کے خاندان کے لیے یہ کڑی آزمائش کا وقت ہے، وہ ایک اچھا انسان اور بہترین ریسلر تھا، وہ ان کے اہلخانہ کے لیے دعاگو ہیں۔