پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے لئے جگہ کا تعین آج ہی ہوگا۔ 5 فروری صبح 10 بجے سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی اور6 فروری کو نتائج کا اعلان ہوگا۔

پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے 5 فروری کو انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کا اعلان کردیا۔ 

گزشتہ روز تحریک انصاف کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا تھا۔جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ انٹراپارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے شیڈول جاری کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری بروز سوموار منعقد کروائے جائیں گے، اس حوالے سے تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن نے انٹراپارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 2 فروری شام آٹھ بجے تک وصول کئے جاسکیں گے۔ 3 فروری دن 10 بجے سے دوپہر دو بجےتک کاغذات کی سکروٹنی ہوگی۔ تین فروری شام چھ بجے تک امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق تین فروری رات 10 بجے تک امیدواروں کی شکایات وصول کی جائیں گی۔ چار فروری 10 بجے سے دوپہر دو بجے تک ٹریبونل شکایات کی سماعت کرے گا۔

اسی طرح پانچ فروری صبح 10 بجے سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی اور چھ فروری کو نتائج کا اعلان ہوگا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے لئے جگہ کا تعین آج ہی ہوگا۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جنرل باڈی نے رؤف حسن کو متفقہ طور پر تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا تھا۔ انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے تک عمر ایوب پارٹی کے چیف آرگنائزر ہوں گے۔

اس کے علاوہ 31 جنوری 2024 تک پاکستان تحریک انصاف کی رابطہ ایپ پر رجسٹرڈ ممبران ہی الیکشن لڑنے اور ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔

گزشتہ روز قرارداد میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات کے لئے نامزد کردہ امیدوار آزاد نہیں سمجھے جائیں گے بلکہ الیکشن کے بعد بھی پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہوں گے۔