Get Alerts

مہنگائی بم سے سال نو کا آغاز، پیٹرول 2 روپے 61 پیسے جبکہ ایل پی جی 25 روپے فی کلو مہنگی

حکومت نے عوام کو سال نو پر مہنگائی بم کا تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 10 پیسے تک اضافہ کر دیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 10 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 116 روپے 60 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 127 روپے 26 پیسے ہو گی۔ مٹی کا تیل اب 99 روپے 45 فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 84 روپے 51 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے مائع پٹرولیم گیس ( ایل پی جی) کی قیمت میں 25 روپے فی کلو اضافہ کیا ہے۔

اوگرا کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلینڈ کی قیمت ایک ہزار 513 روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 791 روپے ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ اوگرا کی تجویز کے عین مطابق کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی ریونیو بورڈ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس وصول کر رہا ہے، اس کے علاوہ وفاقی حکومت ڈیزل پر 18 روپے فی لیٹر، پیٹرول پر 15 روپے، مٹی کے تیل پر 6 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل پر 3 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی بھی وصول کر رہی ہے۔