وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد وشمار جاری کر دیئے، اکتوبر میں مہنگائی کی شرح میں 1.90 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد مہنگائی کی شرح 9.2 فیصد ہوگئی۔ ایک ماہ میں چکن، سبزیاں،گندم، چینی، خوردنی تیل و گھی اور گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ماہانہ رپورٹ میں کہا کہ اکتوبر میں مہنگائی میں 1.90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 9.2 فیصد تک پہنچ گئی۔
اکتوبر2020 کے مقابلے میں اکتوبر2021 کے دوران مہنگائی کی شرح 9.19 فیصد رہی، جولائی تا اکتوبر 2020 کے مقابلے میں جولائی تا اکتوبر2021 مہنگائی 8.74 فیصد رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک سال میں گھی 43 فیصد، مسٹرڈ آئل 41.92 اور خوردنی تیل 40 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چکن 34.69 فیصد، دالیں اور گوشت 17، آٹا 12.97 فیصد مہنگا ہوا، ایک سال میں ٹماٹر 48.52، دال مونگ 29، پیاز 28 اور آلو 19 فیصد سستا ہوا۔
ایک ماہ میں چکن 17.91 اور سبزی 15.26 فیصد مہنگے ہوئے، آلو 12.17 فیصد، گندم 7.25 اور چائے4.95 فیصد مہنگی ہوئی، ایک ماہ میں پیاز 12.70 فیصد اور چینی 7.72 فیصد سستی ہوئی، دال مونگ 6.14 فیصد، انڈے 5.94 اور مصالحہ جات 3.85 فیصد سستے ہوئے۔دوسری جانب ایل پی جی کی قیمت میں 13روپے فی کلو اضافہ کا اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی ایک کلوگرام کی نئی قیمت 216 روپے 89 پیسے مقرر کی گئی ہے، ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سیلنڈر 155 روپے 80 پیسے مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو سیلنڈر کی نئی قیمت 2559 روپے 35 پیسے ہوگئی، جب کہ اکتوبر میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2403 روپے 55 پیسے کا تھا۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر 2021ء کیلئے ہے۔