سال 2019 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کتنی مرتبہ اضافہ ہوا؟

نئے سال کے آغاز سے قبل ہی اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 10 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے۔

اگر سال 2019 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیں تو مجموعی طور پر رواں برس 6 مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ 4 مرتبہ کمی اور 2 مرتبہ قیمتیں برقرار رکھی گئیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے 2019 کے ماہ جنوری کے لیے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان کیا اور پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 86 پیسے، ڈیزل 4 روپے 26 پیسے، مٹی کا تیل 52 پیسے اور لائٹ ڈیزل  میں 2 روپے 16 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد پیٹرول 90 روپے 97 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 106 روپے 68 پیسے، مٹی کا تیل 82 روپے 98 پیسے اور لائٹ ڈیزل 75 روپے 28 پیسے ہو گیا تھا۔

فروری میں بھی قیمتوں میں کچھ کمی کی گئی، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت 59 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل میں 73 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے کمی کی گئی۔

مارچ میں پہلی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے اعلان کیا گیا، پیٹرول کی قیمت میں 2 اعشاریہ پانچ صفر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 75  پیسے، مٹی  کا تیل 4 روپے اور لائٹ ڈیزل میں ڈھائی روپے کا اضافہ کیا گیا۔

اپریل میں مسلسل دوسری مرتبہ اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول 6 روپے اضافے کے ساتھ 98 روپے 88 پیسے، ڈیزل 6 روپے اضافے کے ساتھ 117 روپے 43  پیسے، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل باالترتیب تین تین روپے اضافے کے ساتھ 89 روپے 31 پیسے اور 80 روپے 54 پیسے کا ہو گیا۔

مئی میں مسلسل تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، پیٹرول 9 روپے 14 پیسے اضافے کے ساتھ 108 روپے، ڈیزل  4 روپے 89 پیسے اضافے کے ساتھ 122 روپے 32 پیسے، مٹی کے تیل میں 7 روپے 46 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل 6 روپے 40 پیسے کا ہو گیا۔

جون میں مسلسل چوتھی مرتبہ اضافہ ہوا۔ پیٹرول 4 روپے 26 پیسے کے ساتھ 112 روپے 28 پیسے، ڈیزل 4 روپے 50 پیسے، اضافے کے بعد 126 روپے 82 پیسے، مٹی کا تیل ایک روپے 69 پیسے اضافے کے ساتھ 98 روپے 46 پیسے کا ہو گیا تھا۔

جولائی میں قیمتیں برقرار رہیں۔

اگست میں قیمتیں پھر بڑھائی گئیں، پیٹرول 5 روپے 15 پیسے اضافے کے ساتھ 117 روپے 83 پیسے، ڈیزل 5 روپے 65 پیسے اضافے کے ساتھ 132 روپے 47 پیسے، مٹی کا تیل 5 روپے 38 پیسے اضافے کے ساتھ 103 روپے 84 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل 8 روپے  90 پیسے اضافے کے ساتھ 90 روپے 52 پیسے ہو گیا تھا۔

6 ماہ کے طویل انتظار کے بعد ستمبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی اور پیٹرول 4 روپے 59 پیسے کمی کے بعد 113 روپے 24 پیسے، ڈیزل 5 روپے 33 پیسے کمی  سے 127 روپے 14 پیسے، مٹی کا تیل چار روپے27 پیسے کمی سے 99 روپے 57 پیسے اور لائٹ ڈیزل 5 روپے 63 پیسے کمی سے 91 روپے 89  پیسے کا ہو گیا تھا۔

اکتوبر میں پیٹرولیم قیمتیں برقرار رکھی گئیں۔

ماہ نومبر کیلئے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل میں 27 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 39 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔ نئے اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 114 روپے 24 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 127 روپے 41 پیسے، مٹی کا تیل 97 روپے 18 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 85 روپے 33 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

دسمبر میں وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 25 پیسے فی لیٹر کمی کی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 113 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 40 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 125 روپے ایک پیسے اور مٹی کا تیل 83 پیسے سستا ہونے کے بعد 96 روپے 35 پیسے اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 90 پیسے کمی کے بعد 83 روپے 43 پیسے ہو گیا۔