Get Alerts

نواز شریف کب واپسی کا سوچیں گے؟ محمد زبیر نے ایک اور دعویٰ کر دیا

نواز شریف کب واپسی کا سوچیں گے؟ محمد زبیر نے ایک اور دعویٰ کر دیا
مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ مریم نواز کی اپیل پر فیصلے کے بعد نواز شریف کی واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے پروگرام لائیو ود ندیم ملک میں گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے موجودہ حکومت خوف میں مبتلا ہوجائے، اگر نواز شریف کی واپسی سے حکومت میں خوف پیدا ہوتا ہے تو آجائیں گے اگر ان کی واپسی کی باتوں سے ان میں خوف آتا ہے تو ہم باتیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ایک اپیل عدالت میں زیر سماعت ہے اس کیس میں مریم نواز کو ریلیف ملے گا کیونکہ موجودہ حکومت کو جو تانے بانے ملتے تھے ماضی میں جن کی بنیاد پر یہ اپوزیشن رہنماؤں کو سزائیں دلواتے تھے وہ ملنا بند ہوگئے ہیں اسی لیے مریم نواز کو عدالت سے ریلیف ملے گا کیونکہ ان کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ جیسے ہی مریم نواز کو عدالتوں سے ریلیف ملے گا اس کے بعد مسلم لیگ ن نواز کی واپسی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی اپیل کا فیصلہ ہمارے لیے ایک بہت بڑا اشارہ ہوگا۔ میزبان ندیم ملک نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ آپ عدالتی فیصلے کے انتظار میں ہیں؟

محمد زبیر نے جواب دیا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ عدالتی فیصلوں کو مانیں اب ہم مان رہے ہیں تو مسئلہ ہے، آپ میری بات ریکارڈ کرکے رکھ لیں کہ مریم نواز کی اپیل کا فیصلہ جب بھی آئے گا وہ مریم نواز کے حق میں آئے گا۔