Get Alerts

غزہ میں نیا سال:اسرائیلی میزائلوں کی آتش بازی، کیمپوں میں جما دینے والی سردی میں دم توڑتے بچے

دنیا بھر میں سالِ نو کا آغاز رنگا رنگ آتش بازی، مدھر موسیقی اور شاندار دعوتوں سے کیا گیا ،لیکن غزہ آج بھی لہو لہو ہے،اسرائیل کی غزہ میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں جاری

غزہ میں نیا سال:اسرائیلی میزائلوں کی آتش بازی، کیمپوں میں جما دینے والی سردی میں دم توڑتے بچے

نیا دور نیوز ڈیسک:۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں سخت سردی کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں تباہی مچا دی۔پناہ گزین خواتین اور بچے کھلے آسمان تلے ٹھٹھرتی سردی کی راتیں گزار رہے ہیں۔ نہ سر پر چھت ہے اور نہ لیٹنے کو ہموار زمین تک میسر ہے۔

ستم بالائے ستم کہ قابض اسرائیلی فوج نے سال نو کا جشن بھی ان بے کس اور لاچار فلسطینوں پر میزائلوں اور بموں کی آتش بازی کرکے منایا۔سال کے پہلے روز کو شروع ہوئے ابھی بمشکل ایک ہی گھنٹا گزرا تھا کہ قابض اسرائیلی فوج نے 10 فلسطینیوں کو شہید کرکے اپنی کبھی نہ بجھنے والی پیاس کو کم کیا۔

سال نو پر اسرائیل غزہ کے چار بڑے ہسپتالوں کو تباہ کرکے پہلے ہی فلسطینی مریضوں سے زندگی کی امید چھین چکا ہے۔کل تک جو فلسطینی اپنے عالیشان گھروں میں اہل خانہ کے ہمراہ ایک بھرپور زندگی بیتا رہے تھے آج 10 لاکھ سے زائد بے گھر فلسطینی سایہ عافیت کو ترس رہے ہیں۔

جا بجا فلسطینی خواتین اور بچے کھنڈرات میں زندگی کی رمک ڈھونڈتے نظر آتے ہیں۔ پناہ گزین کیمپوں میں ایک وقت کی روٹی کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں اور اسرائیلی فوج کے ڈنڈے اور گولیاں کھاتے ہیں۔

فلسطینی اس انتظار میں ہیں کہ کبھی تو عالمی ضمیر بیدار ہوگا، کبھی تو انسانیت جاگے، کبھی تو منصف ظالم کا ہاتھ روکیں گے، کبھی تو لہو کا خراج وصول کیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ غزہ پر 8 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 45 ہزار 500 سے تجاوز کرگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار کے قریب ہے اور اسرائیل ابھی بھی فلسطین میں عالمی حقوق اور قوانین کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہے جسے کوئی پوچھنے والا نہیں ۔