عید الضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں

عید الضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں
عید الضحیٰ کے موقع پر 7 پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں جن میں 6 اردو اور ایک پنجابی فلمیں شامل ہیں تاہم 1 انڈین پنجابی فلم اور 1 ہالی وڈ فلم بھی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔

تیری میری کہانیاں

یہ فلم 3 مختلف فلموں کا مجموعہ ہے جس میں تین مختلف کہانیاں شامل کی گئی ہیں۔ اس اینتھالوجی کی پہلی فلم 'جن محل' ہے۔جس میں حرا مانی، مانی اور گل رعنا نے مرکزی کردار ادا کیا۔ 'جن محل' کو علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھا ہے اور نبیل قریشی اس کے ہدایات کار ہیں۔

تیری میری کہانیاں کی دوسری فلم 'پسوری' ہے۔اس کی ہدایتکار مرینہ خان ہیں جبکہ اسے واسع چوہدری نے تحریر کیا ہے۔ اس فلم میں رمشا خان اور شہریار منور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

تیری میری کہانیاں میں پیش کی جانے والی تیسری کہانی 'ایک سو تئیسواں ' ہے ۔ اس کہانی کو خلیل الرحمن قمر نے تحریر کی  ہے اور اس کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں ۔ فلم میں مہوش حیات اور وہاج علی نے مرکزی کردار ادا کیا۔



بے بی لیشیس

عید پر ریلیز ہونے والی فلم 'بے بی لیشیس' کو پہلے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر 10 فروری کو ریلیز کیا جانا تھا۔ تاہم اس فلم کی ریلیز کی تاریخ کو عید الضحیٰ تک بڑھا دیا گیا۔ فلم میں سائرہ یوسف، شہروز سبزواری نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔



اللہ یار اینڈ دی 100 فلاوز آف گاڈ

یہ فلم 2018 میں پیش کی جانے والی فلم دی لیجنڈ آف مارخور کا دوسرا سیکوئل ہے۔ 'اللہ یار اینڈ دی 100 فلاورز آف گاڈ' کو پیش عید الضحیٰ کے موقع پر پیش کیا جارہا ہے۔ اس فلم کو پہلے 2 جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیے جانا تھا۔ اللہ یار اینڈ دی 100 فلاوز آف گاڈ پاکستان کی پہلی تھری ڈی اینیمیٹڈ فلم ہے جس کو مکمل طور پر مقامی طور پر ہی تیار کیا گیا۔ فلم میں مختلف کریکٹرز کو پاکستان کے نامور اداکاروں نے وائس اوور کیے ۔ وائس اوور کرنے والے میں ہمایوں سعید ، اقرا عزیز ، علی ظفر ، میرا جی ، بشریٰ انصاری ، اظفر جعفری کے نام شامل ہیں۔



مداری 

ہدایت کار سراج السالکین کی سسپنس کرائم تھرلر فلم 'مداری'بھی اس عید پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ اس فلم میں تھیٹر کے آرٹسٹ کاسٹ میں شامل ہیں۔ فلم کی کہانی کراچی شہر کی ہے جس میں سیاست اور کرائم سے جڑے واقعات کی منظر کشی کی گئی ہے۔

فلم میں مرکزی کردار عباد عالم شیرادا کررہے ہیں جب کہ دیگر اداکاروں میں حماد صدیق، عامر نقوی اور پارس مسرور شامل ہیں۔ فلم کی کہانی علی رضوی اور سراج السالکین نے تحریر کی ہے جب کہ اسے پروڈیوس بھی ان ہی دونوں نے کیا ہے۔



وی آئی پی 

عید الضحیٰ پر ریلیز ہونے والی تفریحی فلم ’وی آئی پی‘ کی کاسٹ میں زیک ، نمرہ شاہد ، سیلم معراج ، عرفان موتی والا سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ہالی وڈ کی مشہور فلم 'ہیڈ آف اسٹیٹ' سے مشابہت رکھتی ہے جس میں ایک عام انسان کو ملک کا صدر اس لیے بنایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے سہولت کاروں کی مدد کرسکے۔ اس فلم میں زیک کو ملک کا صدر تو نہیں البتہ میئر بنایا جاتا ہے لیکن غلط کام کو قریب سے دیکھ کر وہ اپنے سہولت کاروں کے ہی خلاف ہو جاتا ہے۔ فلم میں سیاسی رسہ کشی کی جھلک کے ساتھ ساتھ مزاح کا تڑکا بھی دیکھنے کو ملے گا۔

ہدایت کار نبیل قریشی کے ساتھ متعدد فلموں میں سنیماٹوگرافی کرنے والے رانا کامران 'وی آئی پی' نامی فلم سے ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔جب کہ فلم کا سکرپٹ انہوں نے ثاقب ظفر کے ساتھ تحریر کیا ہے۔



آر پار

عید پر نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم 'آر پار' بھی ہے۔اس فلم کے مقالے دو زبانوں اردو اور پنجابی زبان میں پیش کیے گئے ہیں۔ فلم 'آر پار' کی کہانی مشہود قادری نے لکھی ہے جب کہ ہدایات سلیم داد نے دی ہیں۔

فلم کی کہانی بظاہر عورت کی خود مختاری کے گرد گھومتی ہے ۔ اس میں سسب سے حیران کن بات معمر رانا کا گیٹ اپ ہے جنہیں پہلی نظر میں لوگ پہچان نہیں پائیں گے۔

فلم کی کاسٹ میں معمر رانا کے ساتھ ساتھ شامل خان، ارم اختر، احمد حسن، پلوشہ خان اور مصنف مشہود قادری شامل ہیں جب کہ معمر رانا کی بیٹی رائنا بھی اس فلم کے ذریعے شوبز کی دنیا میں قدم رکھیں گی۔


لاڑے دا ویاہ

پاکستانی پنجابی فلم ’لاڑے دا ویاہ‘ بھی عید قربان پر ریلیز ہو گی. فلم کی کاسٹ میں علی یلماز، ماہ رخ مرزا، سلیم البیلا، گوگا پسروری، خالد بٹ, شفقت چیمہ اور راحیلہ آغا سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔



علاوہ ازیں، بھارتی پنجابی فلم 'کیری آن جٹا 3' بھی عید پر پنجابی فلموں کے شائقین کے لیے ریلیز کی جا رہی ہے۔ جس کی نمائش کی اجازت پاکستان میں دے دی گئی ہے۔ فلم میں گیپی گیروال، سونم باجوہ نے مرکزی کردار ادا کیا۔ اس فلم میں معروف پاکستانی کامیڈین ناصر چنیوٹی نے بھی کام کیا  ہے۔

کیری آن جٹا کی پہلی فلم 2012 میں پیش کی گئی۔ 2018 میں اسکا دوسرا سیکوئل ریلیز ہوا۔



عید کے موقع پر ریلیز کی جانے والی ہالی وڈ فلم 'انڈیانا جونز' ( Indiana Jones) ہے۔ جس کا فلمی شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ 'انڈیانا جونز اینڈ دی ڈائل آف ڈیسٹنی' فرنچائز کی پانچویں اور آخری فلم ہو گی۔

ہالی وڈ اداکار ہیریسن فورڈ 15 برس بعد بطور 'انڈیانا جونز' فلم میں نظر آئیں گے اور شائقین اپنے پسندیدہ کردار کو 15 برس بعد اسکرین پر دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔ آخری بار ہیریسن نے سن 2008 میں سیریز کی چوتھی فلم 'انڈیانا جونز اینڈ دی کنگڈم آف دی کرسٹل اسکل' میں یہ کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں ہیریسن فورڈ کو ایک دو فلیش بیک سین میں نوجوان دکھانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ انڈیانا جونز کی فلم کی ہدایت کاری اسٹیون اسپیلبرگ کے بجائے دو بار آسکر جیتنے والے جیمز مین گولڈ نے دی ہے۔