فوج سب سے طاقتور اور منظم ادارہ ہے لیکن ملک نہیں چلاسکتا، فواد چودھری

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ عالمی سطح پر فوج کے بجائے سویلین چہرے سے بہتر تاثر جاتا ہے، عالمی تاثر بنانا فوج پر چھوڑا ہوا تھا، ہم اسے واپس لے کر آئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی تاثر آئی ایس پی آر نے نہیں ہمیں بنانا ہے مگر ہمارا کوئی ونگ ہی نہیں، آئی ایس پی آر کا نظام وزارت اطلاعات سے بہتر ہے لیکن بیانیہ سول حکومت کو دینا ہے

فواد چوہدری نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات بہترین ہیں کیونکہ اس وقت فوج کو اقتدار کی کوئی خواہش نہیں، فوج سب سے طاقتور اور منظم ادارہ ہے لیکن ملک نہیں چلاسکتا، جبکہ فوج سول حکومت کو طاقتور نہ کرے تو ادارے مضبوط نہیں ہوسکتے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف میں منتخب اور غیر منتخب لوگوں کی سرد جنگ ہے، کیونکہ وزارتوں کی تبدیلی بھی انہی غیر منتخب افراد کی وجہ سے تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میری وزارت میں نعیم الحق، یوسف بیگ مرزا، ارشد خان اور طاہرخان نے مداخلت کی، ایک وقت میں پانچ لوگ کام کریں گے تو وہی ہوگا جو ہوتا ہے۔



فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے فیصلوں میں بڑی سیاسی کمزوریاں ہیں، یہاں اہم فیصلے ہو جاتے ہیں پتہ ہی نہیں چلتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پارٹی ان کے حوالے کردیں جو کونسلرنہیں رہے؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ نے کہا کہ پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کا معاملہ طاقت کی بجائے سیاسی طور پر حل ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کا باہر جانے دیا تو سیاست بالکل ٹھپ ہوجائے گی۔ میرے منع کرنے کے باوجود شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا اور پھر بیرون ملک بھی جانے دیا گیا، اسطرح کے معاملات کا اثر حکومت پر پڑتا ہے