چترال میں دوسرا ڈپٹی کمشنر ویٹرن فٹ بال ٹورنمنٹ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں چالیس سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ میں چمرکن ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی۔
تفصیل کے مطابق چترال میں دوسرا ڈپٹی کمشنر ویٹرن فٹبال ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں دس ٹیموں نے حصہ لیا جو سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔ فائنل میچ میں چمرکن ٹیم نے جنگ بازار بروز ٹیم کو چار کے مقابلے میں پانچ گولز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
اختتامی تقریبات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس انور اکبر مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر امیر زیب، گورنمنٹ سینٹرل ماڈل ہائی سکول کے پرنسپل فضل سبحان، ڈسٹرکٹ اٹارنی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
سینئر کھلاڑیوں کا یہ ٹورنمنٹ منعقد کرانے پر کھلاڑیوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امیر زیب کا شکریہ ادا کیا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امیر زیب کا کہنا تھا کہ وہ جوانوں کے ساتھ ساتھ سینئر کھلاڑیوں کو بھی ایسے مواقع فراہم کریں گے جس کے ذریعے وہ صحت مند رہیں۔
اے ڈی سی انور اکبر نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور سرپرست اعلیٰ حسین احمد نے کہا ضلعی بجٹ میں پانچ فیصد سپورٹس کیلئے مختص ہے مگر 2016 سے لے کر آج تک یہ فنڈ ہمیں نہیں ملتا جس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
سینئر کھلاڑیوں کے اس ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں تماشائی میدان میں موجود تھے جبکہ کھلاڑیوں کے خون گرمانے کیلئے میوزک پارٹی ڈھولک اور سرنائی بجاتے رہی۔