فروری میں جبری گمشدگیوں کے 126 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، 132 افراد بازیاب: کمیشن رپورٹ

فروری میں جبری گمشدگیوں کے 126 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، 132 افراد بازیاب: کمیشن رپورٹ

اسلام آباد میں جبری گمشدگیوں کی سراغ رسانی اور روک تھام کے لئے بنائے گئے کمیشن نے ماہ فروری کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مہینے کمیشن کے پاس جبری گمشدگیوں کے 126 نئے کیسز رجسٹرڈ ہوئے جس سے ملک میں جبری گمشدگیوں کی کل تعداد 2112 ہوگئی۔


کمیشن نے گزشتہ مہینے فروری کی کارگردگی کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کمیشن نے گزشتہ ماہ 139 لوگوں کو سراغ لگایا ہے۔ کمیشن نے اپنے اعداد و شمار میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ 132 لوگ اپنے گھروں کو واپس لوٹے جبکہ چار افراد فوج کے زیر نگرانی حراستی مراکز میں قید ہیں ، دو افراد جیلوں میں قید ہے جبکہ ایک شخص کی لاش ملی ہے۔


کمیشن نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ کل 504 عدالتی کاروائیاں ہوئیں جن میں 192 اسلام آباد میں، 255 کوئٹہ میں جبکہ 57 کراچی میں ہوئیں۔


کمیشن نے اپنے اعداد و شمار میں کہا ہے کہ کمیشن نے گزشتہ نو سالوں میں 1023 ایسے کیسز کو خارج کیا جو بطور جبری گمشدگی کمیشن کے پاس درج ہوئے تھے لیکن بعد میں  ثابت ہوا کہ یہ کیسز جبری گمشدگیوں کے نہیں تھے  جس کے بعد ان کیسز کو خارج کیا گیا۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔