وزیراعظم کی چودھری برادران کیساتھ ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے ڈٹ کر عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق چودھری برادران نے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ ہم نے آپ کا ساڑھے تین سال ساتھ دیا، آئندہ بھی دیں گے۔ تحریک عدم اعتماد کی باتیں افسانہ ہیں۔ ہم آپ کیساتھ سیاست کریں گے۔
چودھری برادران نے کہا کہ 14 سال بعد شہباز شریف کو بالاخر ہماری یاد آ گئی۔ ہم نے ان سے کہا کہ اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو عمران خان پہاڑ ہیں، ہم اس کے نیچے دب جائیں گے۔ ایسی چال کا آخر کیا فائدہ جس کی کامیابی کا کوئی چانس ہی نہ ہو۔
ذرائع کے مطابق چودھری برادران کیساتھ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے چین اور دورہ روس پر انھیں اعتماد میں لیا اور بتایا کہ بہت سے لوگ کہہ رہے تھے کہ نہ جائیں لیکن میں نے انھیں سمجھایا کہ اس موقع پر اتنے اہم دوسرے ختم کرنا کسی طور مناسب نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستانی سیاست میں چودھری برادران توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کی لگاتار ملاقاتوں کے بعد اب وزیراعظم عمران خان اب ق لیگی قیادت سے ملاقات کیلئے پہنچے تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دوران ملاقات مسلم لیگ ق کی قیادت سے اس مشکل سیاسی وقت میں ساتھ نہ چھوڑنے کی درخواست کی۔ یہ اہم ملاقات تقریباً آدھا گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی۔