Get Alerts

حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان

حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان
مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کیلئے بڑی خبر آگئی۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا جبکہ ڈیزل کی قیمت 280 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔

پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے سے کم ہو کر 267 روپے فی لیٹر پر آگئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت کم ہو کر 187 روپے 73 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی قیمت کم ہو کر 184 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ سے 15 مارچ تک ہو گا۔

https://twitter.com/MIshaqDar50/status/1630627823592304642?s=20

واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق دو تجاویز حکومت کو بھجوائی گئی تھیں۔ پہلی تجویز کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل پر 2 سے 5 فیصد فی لیٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی تھی۔جی ایس ٹی عائد کرنے پر پیٹرول کی قیمت میں 5 سے لے کر 13 روپے 60 پیسے تک اضافہ ہو سکتا تھا۔

اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی تجویر دی گئی تھی، گزشتہ 15 دنوں میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، گزشتہ 15 روز میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی۔

اوگرا نے دوسری سمری میں تجویز دی تھی کہ عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔